گاندربل:فردوس احمد تانترے دودرہامہ گاندربل کی صنعتی بستی میں ہولناک آتشزدگی کی واردات میں ملبوسات شوروم سے متصل فیکٹری، مشینری اور لاکھوں روپے مالیت کے کپڑے راکھ کے ڈھیر میں تبدیل ہوگئے۔ دودہرہامہ گاندربل میں واقع صنعتی بستی میں چار بجے 'سکائی وئے' نام کے ملبوسات کی فیکٹری سے آگ کے شعلے نمودار ہوئے۔
اس موقعے پر مقامی لوگوں نے آگ پر قابو پانے کی کوششیں شروع کرتے ہوئے محکمہ فائر اینڈ ایمرجنسی کو اطلاع دی، جن کا عملہ اور آگ بجھانے کی گاڑیوں نے جائے وقوع پر پہنچ کر آگ پر قابو پانے کی کوششوں میں مصروف ہوگئے۔ مقامی لوگ اور پولیس بھی ان کی مدد میں مصروف ہوگئے۔ آتشزدگی کی اس واردات میں شوروم، فیکٹری، مشینری اور ملبوسات خاکستر ہوگئے۔
مقامی لوگوں کے مطابق ملبوسات کی فیکٹری اور شوروم قیصر احمد شاہ ولد مرحوم سیف الدین ساکن بملورہ گاندربل کی ملکیت تھی۔ مقامی لوگوں نے بتایا کہ محکمہ فائر اینڈ ایمرجنسی عملہ نے اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیا لیکن اگر وہ بروقت موقعے پر پہنچ جاتے تو بہت کچھ بچایا جا سکتا تھا۔ آتشزدگی کی واردات میں فیکٹری کے مالک کو کروڑوں روپے کا نقصان ہوا۔