بڈگام:بارہمولہ پارلیمانی حلقہ کے اخراجات کے مبصر سیتا رام مینا نے آج بڈگام میں لوک سبھا انتخابات کی تیاریوں کا جائزہ لیا۔اس سلسلے میں انتخابی اخراجات کے مبصر نے کانفرنس ہال میں افسران کی میٹنگ کی صدارت کی۔
ضلع الیکشن آفیسر (ڈی ای او) ڈپٹی کمشنر بڈگام اکشے لابرو اور ایس ایس پی نکھل بورکر بھی میٹنگ میں موجود تھے۔ سب سے پہلے انتخابی اخراجات کے مبصر نے ضلع اخراجات کی نگرانی کرنے والی ٹیم، تمام اے آر او ایس اور نوڈل افسران کے ساتھ بات چیت کی۔انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ تمام اکاؤنٹس کی سختی سے نگرانی کی جائے۔ اس بات کو یقینی بنایا جائے کہ صرف درست اخراجات کیے جائیں اور کسی بھی امیدوار یا پارٹی کی جانب سے ووٹروں کو متاثر کرنے یا ان کی حوصلہ افزائی کے لیے کوئی غیر قانونی طریقہ استعمال نہ کیا جائے۔