بارہمولہ انکاؤنٹر میں دو عسکریت پسند ہلاک، پولیس اہلکار زخمی (ای ٹی وی بھارت) بارہمولہ:شمالی کشمیر کے ضلع بارہمولہ میں رفیع آباد علاقے کے ہادی پورہ میں سیکورٹی فورسز اور عسکریت پسندوں کے درمیان تصادم (انکاؤنٹر) میں دو عسکریت پسندوں کو ہلاک کیا گیا، جبکہ انکاؤنٹر کے دوران ایک پولیس اہلکار کے زخمی ہونے کی بھی اطلاع ہے۔ قبل ازیں، سیکورٹی فورسز کو ہادی پورہ علاقے میں عسکریت پسندوں کے چھپے ہونے کی خفیہ اطلاع موصول ہوئی تھی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ عسکریت پسندوں کے چھپے ہونے کی اطلاع موصول ہوتے ہی جموں کشمیر پولیس، سنٹرل ریزرو پولیس فورس (سی آر پی ایف) اور فوج کی مشترکہ ٹیم نے علاقے کو محاصرے میں لیکر تلاشی کارروائی شروع کی تھی۔ حکام کی جانب سے ٹریفک کو بھی ڈائیورٹ کیا گیا تھا جبکہ علاقے کے اسکولوں میں تدریسی سرگرمیاں احتیاطی طور معطل کر دی گئی تھیں۔
سیکورٹی اہلکاروں نے آج صبح ہی علاقے کو محاصرے میں لیکر تلاشی کارروائی شروع کی جبکہ بعد دوپہر عسکریت پسندوں اور حفاظتی اہلکاروں کے مابین گولیاں کا تبادلہ ہوا جس انکاؤنٹر کی شکل اختیار کر گیا۔ معلوم ہوا ہے کہ سیکورٹی فورسز کو علاقے میں ایک سے زائد عسکریت پسندوں کے چھپے ہونے کی اطلاع موصول ہوئی تھی۔ انکاؤنٹر کے دوران دو عسکریت پسندوں کو ہلاک کیا گیا ہے تاہم ان کی شناخت ابھی تک نہیں ہو پائی ہے جبکہ انکاؤنٹر کے دوران ایک پولیس اہلکار کے زخمی ہونے کی بھی اطلاع ہے، تاہم ابھی تک جموں کشمیر پولیس نے تصدیق نہیں کی ہے۔
یہ بھی پڑھیں:شمالی کشمیر میں سرچ آپریشن، تعلیمی ادارے بند - Kashmir Search Operation