سرینگر: جموں و کشمیر کے کپواڑہ اور بانڈی پورہ کے اضلاع میں جاری تصادم میں اب تک دو نامعلوم عسکریت پسند مارے گئے ہیں۔ دونوں گولیوں کی لڑائی منگل کی شام شروع ہوئی جب سیکورٹی فورسز کی کارروائیوں میں عسکریت پسندوں کے مشتبہ ٹھکانوں کو نشانہ بنایا گیا۔
بانڈی پورہ میں، کیٹسون کے جنگلاتی علاقے میں فائرنگ اس وقت شروع ہوئی جب سیکورٹی فورسز نے خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے مشتبہ عسکریت پسندوں کی تلاش کے لیے محاصرے اور تلاشی کی کارروائی شروع کی۔ ایک سینئر پولیس اہلکار نے اس بات کی تصدیق کی کہ اس تصادم میں ایک عسکریت پسند مارا گیا ہے، جب کہ دوسرا محاصرے میں ہے۔ اہلکار نے بتایا کہ ’’ہلاک ہونے والے اور بقیہ عسکریت پسند کی شناخت کی تصدیق ہونا باقی ہے۔‘‘ علاقے میں آپریشن تاحال جاری ہے۔
وہیں کپواڑہ میں فوج اور جموں و کشمیر پولیس کی طرف سے ایک مشترکہ آپریشن مخصوص انٹیلی جنس جانکاری ملنے کے بعد رات میں شروع کیا گیا۔ جب فورسز نے ایک مشتبہ مقام پر کارروائی کی تو اس علاقے میں مشترکہ سیکورٹی ٹیم اور عسکریت پسندوں کے درمیان فائرنگ کا شدید تبادلہ ہوا۔ کپواڑہ آپریشن میں اب تک ایک عسکریت پسند کو ہلاک کر دیا گیا ہے۔