جموں (جموں کشمیر) :جموں کشمیر کی سرمائی دارالحکومت جموں میں منگل کو مختلف مقامات پر پاکستان کے خلاف احتجاج کیا گیا۔ ڈوڈہ ضلع میں ہوئے عسکریت پسندوں کی جانب سے حملے میں چار فوجیوں کی ہلاکت کے خلاف جموں میں کئی سیاسی جماعتوں نے احتجاجی ریلیز برآمد کیں۔ احتجاجیوں نے پاکستان مخالف نعرے بازی کرتے ہوئے پاکستان کا قومی پرچم نذر آتش کیا۔
نیو پلاٹ جموں میں جموں ویسٹ اسمبلی مومنٹ نامی تنظیم کے صدر سنیل ڈمپل نے ایک احتجاجی ریلی برآمد کی اور پاکستان کا علامتی پتلہ نذر آتش کیا۔ وہیں شیو سینا ڈوگرہ فرنٹ کے کارکنوں نے جموں رانی پارک علاقے میں میں احتجاج کرتے ہوئے پاکستان کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کیا۔ ڈوگرہ فرنٹ کے احتجاج کی قیادت اشوک گپتا کر رہے تھے جبکہ شیو سینا بالا صاحب ٹھاکرے اکائی نے پارٹی دفتر میں ہلاک ہوئے فوجی جواہوں کو خراج عقیدت پیش کیا اور پاکستان کے خلاف نعرے بازی کی۔
شیو سینا ڈوگرہ فرنٹ نے جموں خطہ کے ڈوڈہ ضلع میں عسکریت پسندوں کے ساتھ تصادم میں چار فوجیوں کی ہلاکت پر گہرے غم و غصے کا اظہار کیا۔ اشوک گپتا نے جوانوں کو خراج عقیدت پیش کیا، ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی اور ہلاک ہوئے فوجیوں کو دلی خراج عقیدت پیش کی گئی جبکہ ان کے اہل خانہ کے ساتھ تعزیت کا اظہار کیا گیا۔