سرینگر: اگلے دو دنوں کے دوران بارشوں کی پیش گوئی کے پیش نظر ضلع انتظامیہ سرینگر نے خاص طور پر آبی ذخائر کے نزدیک آباد علاقوں کے لئے ایڈوائزری جاری کی ہے۔
محکمہ موسمیات کی پیشین گوئی کے بیچ ضلعی انتظامیہ سرینگر نے جمعرات کو ایڈوائزری جاری کرتے ہوئے کہا کہ دریاوں ، ندی نالوں کے نزدیک رہائش پذیر لوگ آبی ذخائر کے نزدیک جانے سے گریز کریں۔
ایڈوائزری میں کہا گیا ہے کہ محکمہ موسمیات نے 18 سے 20 اپریل تک موسلا دھار بارشوں کی پیشین گوئی کی ہے، جس کے پیش نظر دریائے جہلم اور ندی نالوں کے نزدیک رہائش پذیر لوگوں کو مشورہ دیا جاتا ہے کہ وہ آبی ذخائر کے نزدیک جانے سے پرہیز کریں۔
ایڈوائزری میں لوگوں کو موسم کی بہتری تک ضلعی انتظامیہ کی ایڈوائزری پر من وعن عمل کرنے کی تاکید کی گئی ہے۔ضلعی انتظامیہ سرینگر کی جانب سے جاری ایڈوائزری میں ریت اور باجری نکالنے والوں ، جھیل ڈل اور دریائے جہلم میں بوٹ ، کشتیوں اور شکارا کے ذریعے سفر کرنے والوں سے کہا گیا ہے کہ متعلقہ محکمہ کے ساتھ موسمی صورتحال کی تصدیق سے پہلے دریاوں اور ندی نالوں کو عبور کرنے کی کوشش نہ کریں۔