پلوامہ (جموں کشمیر):ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر، پلوامہ، ڈاکٹر محمد اشرف کی قیادت میں ضلع انتظامیہ، محکمہ ریونیو، میونسپل کمیٹی پلوامہ، جموں و کشمیر پولیس کی مشترکہ ٹیم نے قصبہ پلوامہ میں ’’اینٹی انکروچمنٹ ڈارئیو‘‘ انجام دی۔ اس مہم کے تحت مین چوک پلوامہ سے گورنمنٹ بوائز ڈگری کالج پلوامہ تک سڑکوں کے اطراف، فٹ پاتھ پر تجاوزات کو ہٹایا گیا جب کہ سڑکوں کے کنارے، غیر قانونی طور پر پارک کی کئی گاڑیوں کے مالکان پر جرمانہ بھی عائد کیا گیا۔
ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر پلوامہ، ڈاکٹر محمد اشرف نے میڈیا نمائندوں کے ساتھ بات کرتے ہوئے کہا کہ یہ مہم ضلع میں آئندہ دنوں بھی جاری رہے گی اور راہگیروں کو محفوظ راستہ دینے کے لیے تمام تجاوزات اور غیر قانونی پارکنگ کرنے والے افراد کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ ’’یہ صرف وارننگ تھی، جبکہ آئندہ دنوں علاقے میں معائنہ کرکے تجاوزات کرنے والوں پر بھاری جرمانہ عائد کیا جائے گا جبکہ گاڑیوں کو غیر قانونی طور پارک کرنے والوں کو بلیک لسٹ کرکے گاڑیاں سیز کی جائیں گی۔