سرینگر (جموں کشمیر):اسکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ نے یونین ٹیریٹری کے تمام تعلیمی اداروں میں صبح کی اسمبلیوں کا آغاز قومی ترانے سے شروع کرنے کی ہدایت جاری کرتے ہوئے ’’معیاری پروٹوکول‘‘ کو لازمی قرار دیا ہے۔ جموں کشمیر لیفٹیننٹ گورنر انتظامیہ کے پرنسپل سیکریٹری، آلوک کمار کی جانب سے جاری کردہ سرکیولر میں ’’رہنما خطوط اور نظم و ضبط کے ساتھ اسکولوں میں دن کی مثبت شروعات‘‘ کے لیے اسمبلیوں کی اہمیت پر زور دیا گیا ہے۔
سرکیولر میں کہا گیا ہے کہ ’’صبح کی اسمبلی، تعلیمی نظام کے لیے بہتر پریکٹس ثابت ہوئی ہے، جو اخلاقی سالمیت، اخوت اور ذہنی سکون کے لیے کافی کارآمد ثابت ہوئی ہے۔‘‘ کمار نے سرکیولر میں کہا کہ جموں و کشمیر کے سبھی اسکولوں میں اس اہم روایت کی مستقل طور پر پاسداری نہیں کی جاتی۔ انہوں نے مزید کہا کہ ’’یکسانیت کو یقینی بنانے کے لیے، یہ ضروری ہے کہ تمام اسٹیک ہولڈرز صبح کی اسمبلیاں جاری کردہ ہدایات کے مطابق انجام دیں۔‘‘