نئی دہلی: وزیر خارجہ ایس جے شنکر نے پیر کو کہا کہ پاکستان سے ہونے والے سرحد پار دہشت گردی کا اب "منہ توڑجواب" دیا جا رہا ہے۔ یہاں جواہر لعل نہرو یونیورسٹی (جے این یو) میں 'ہندوستان اور دنیا' کے موضوع پرپنڈت ہردے ناتھ کنزرو میموریل لیکچر 2024 سے خطاب کرتے ہوئے جے شنکر نے 2016 اور 2019 میں پاکستان میں دہشت گردی بنیادی ڈھانچے کو نشانہ بنانے کے لیے ہندوستانی افواج کی جانب سے کی گئی زمینی اور فضائی سرجیکل اسٹرائیکس کا ذکر کرتے ہوئے کہا اری اور بالاکوٹ کے واقعات پر مناسب جواب دیا گیا۔
پاکستان سے آنے والی سرحد پار دہشت گردی کے دیرینہ چیلنج کے بارے میں بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اب اسے زیادہ مناسب جواب مل رہا ہے۔ بالاکوٹ میں حملہ 14 فروری 2019 کو کشمیر کے پلوامہ ضلع میں سینٹرل ریزرو پولیس فورس (سی آر پی ایف) کے قافلے کو نشانہ بنا کر جیش محمد کی طرف سے کیے گئے بزدلانہ دہشت گردانہ حملے کے جواب میں تھا۔ اس حملے میں کم از کم 40 سکیورٹی اہلکار ہلاک ہو گئے تھے۔