اننت ناگ (جموں کشمیر) :جنوبی کشمیر کے اننت ناگ ضلع میں چیف میڈیکل آفیسر (سی ایم او) کے عہدے سمیت کئی اہم عہدوں کی نشستیں خالی پڑی ہیں۔ مختلف ہسپتالوں میں کام کرنے والے ملازمین کا کہنا ہے کہ ’’اعلیٰ افسران کی غیر حاضری سے کام بری طرح متاثر ہوا ہے۔‘‘ معلوم ہوا ہے کہ سی ایم او اننت ناگ، بجبہاڑہ اور اچھہ بل کے بلاک میڈیکل آفیسرز (بی ایم او) کے ساتھ ساتھ ڈی ٹی او کے عہدے کافی عرصے سے خالی پڑے ہیں۔
ضلع میں مارچ 2022 سے کوئی مستقل سی ایم او نہیں ہے اور چیف میڈیکل آفیسر کی جگہ ڈپٹی سی ایم او کام چلا رہے ہیں۔ اس کے علاوہ بلاک میڈیکل آفیسر (بی ایم او) بجبہاڑہ اور اچھہ بل کے عہدے بھی گزشتہ آٹھ ماہ سے خالی ہیں۔ اگرچہ محکمہ صحت عوام کو صحت کی بہتر سہولیات فراہم کرنے کے لیے بھرپور کوشش کر رہا ہے لیکن اس طرح کے مسائل طبی نگہداشت کو بری طرح متاثر کر رہے ہیں۔