جموں:ملک کی دوسری ریاستوں کی طرح مرکز کے زیر انتظام یوٹی جموں و کشمیر میں لوک سبھا انتخابات کو لے کر تشہیری مہم زور شور سے جاری ہے۔بی جے پی کے امیدوار ڈاکٹر جتیندر سنگھ کی جانب سے پرچہ نامزدگی کے بعد ضلع جموں میں انتخابی سرگرمیاں تیز ہوگئیں ہیں۔
جتیندر سنگھ وزیراعظم ہند نریندر مودی کابینہ کا بہت جانا پہچانا چہرہ ہیں۔ بی جے پی نے انہیں ایک بار پھر جموں خطہ کی ادھم پور سیٹ سے اپنا امیدوار بنایا ہے۔ ڈاکٹر جتیندر سنگھ رکن پارلیمان ہونے کے ساتھ ساتھ مودی کابینہ میں بھی جموں و کشمیر کی نمائندگی کرتے ہیں۔
مودی حکومت کے کابینہ وزیر ڈاکٹر جتیندر سنگھ کے پرانے انتخابی ریکارڈ کے بارے میں بات کی جائے تو انہوں نے 2014 اور 2019 کے لوک سبھا انتخابات میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے۔ سال 2014 میں ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے ادھم پور سیٹ پر سابق وزیر اعلیٰ غلام نبی آزاد کو شکست دی تھی۔ ڈاکٹر جتیندر سنگھ کو 487,369 ووٹ ملے تھے، غلام نبی آزاد کو صرف 4,26,393 ووٹ مل سکے۔ اس وقت غلام نبی آزاد کانگریس کے امیدوار تھے۔