ترال ( پلوامہ): بھارتیہ جنتا پارٹی کے ترجمان الطاف ٹھاکر نے دعوی کیا ہے کہ ان کی پارٹی 4 سو سے زائد سیٹیں حاصل کر کے تاریخ رقم کرے گی۔ موصوف آج سیموہ ترال میں بیساکھی کی مناسبت سے منعقدہ ایک تقریب میں شرکت کے بعد میڈیا کے ساتھ بات کر رہے تھے۔ بی جے پی جموں و کشمیر ترجمان الطاف ٹھاکر نے دعوی کیا کہ لوک سبھا انتخابات کے بعد پی ڈی پی اور این سی کا نام ونشان نظر نہیں آئے گا، کیونکہ مودی کی مقبولیت سے یہاں کی پارٹیوں میں کھلبلی مچی ہے اور وہ یہ سمجھنے سے قاصر ہے وہ کیا کریں۔
انہوں نے کہا کہ پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی پہلے ہی ختم ہوچکی ہے اور این سی نے پہلے ہی اس کو این جی او قرار دے دیا ہے، جبکہ پی اے جی ڈے پہلے ہی زمین بوس ہو چکی ہے اور اب این سی کے عمر عبدللہ محفوظ راہداری ڈھونڈتے ہوئے وسطی کشمیر سے شمالی کشمیر پہنچ گئے ہیں اور چار جون کے بعد تو وہ پار والے کشمیر میں جا سکتے ہیں۔