سرینگر:جموں کشمیر اسمبلی میں دفعہ 370 کی بحالی کے حوالے سے قرارداد کی منظوری کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے ارکان نے مسلسل ہنگامہ کیا اور نشستوں پر بیٹھنے سے انکار کر دیا، جس کے باعث اسپیکر عبد الرحیم راتھر نے بدھ کو اجلاس ایک گھنٹے کے لیے بعد ازاں اگلے روز یعنی جمعرات تک کے لیے ملتوی کر دیا۔
اسمبلی میں تمام 28 بی جے پی ارکان نے ایوان کے وسط میں احتجاج جاری رکھا اور اسپیکر کی بار ہا اپیلوں کے باوجود نشستوں پر بیٹھنے سے گریز کیا۔ اسپیکر نے کہا کہ ’’براہ کرم اپنی نشستوں پر بیٹھیں، ہم ایل جی کے خطاب پر بحث کرنے جا رہے ہیں۔‘‘ تاہم بی جے پی ارکان نے احتجاج، ہنگامہ جاری رکھا اور اپنی نشستوں پر نہیں بیٹھے۔ اسپیکر عبد الرحیم راتھر نے پہلے اعلان کیا کہ ’’اجلاس ایک گھنٹے کے لیے ملتوی کر دیا گیا ہے۔‘‘ بعد ازاں بی جے پی کی جانب سے مسلسل احتجاج اور ہنگامہ آرائی پر اسپیکر نے بدھ کے روز کی مکمل کارروائی معطل کر دی۔