اننت ناگ:ضلع اننت ناگ کے بجبہاڑہ علاقے میں عسکریت پسندوں نے بہار سے تعلق رکھنے والے ایک مزدور پر فائرنگ کی جس کے نتیجے میں وہ شدید زخمی ہو گیا۔ جس کے بعد اسے فوری طور پر ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں ڈاکٹروں سے اسے مردہ قرار دیا۔ فائرنگ کے واقعہ کے بعد پورے علاقے کو سکیورٹی فورسز نے محاصرے میں لے کر حملہ آوروں کی تلاش شروع کر دی ہے۔
تفصیلات کے مطابق بجبہاڑہ کے جبلی پورہ علاقے میں بدھ کی شام مشتبہ عسکریت پسندوں نے بہار کے ایک مزدور پر فائرنگ کی۔ ذرائع نے بتایا کہ عسکریت پسندوں نے بہار سے تعلق رکھنے والے ایک شہری جس کی شناخت راجہ شاہ ولد شنکر شاہ ساکن بہار کے طور پر ہوئی ہے، پر نزدیک سے گولیاں چلائی جس سے وہ شدید طور پر زخمی ہو گیا اور اسپتال لیجانے کے دوران اس کی موت ہوگئی۔
پولیس کے ایک سینئر آفیسر نے اس واقعہ کی تصدیق کی۔ انہوں نے کہا کہ فائرنگ میں غیرریاستی مزدور کی گردن اور پیٹ میں دو گولیاں لگی، جسے تشویشناک حالت میں ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں ڈاکٹروں نے اسے مردہ قرار دیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ سیکوریٹی فورسس کی جانب سے علاقے میں سرچ آپریشن جاری ہے۔