کولگام (جموں کشمیر):جنوبی کشمیر کے ضلع کولگام میں ریڈونی پائین علاقے میں سیکورتی فورسز اور عسکریت پسندوں کے مابین پیر کی رات شروع ہوئے تصام میں دو عسکرت پسند ہلاک ہوئے ہیں۔ انکاؤنٹر میں ہلاک کیے گئے دو عسکریت پسندوں میں مطلوب عسکریت پسند باسط ڈار بھی شامل ہے۔ آئی جی پی کشمیر وی کے بردی نے انکاؤنٹر سائٹ کے باہر میڈیا نمائندوں کے ساتھ گفتگو کے دوران کہا کہ ہلاک کیا گیا عسکریت پسند باسط ڈار سال 2021سے سرگرم ہے۔ انہوں نے کہا کہ باسط ڈار کم از کم 18معاملات میں سیکورٹی ایجنسیز کو مطلوب تھا۔ وی کے بردی کے مطابق باسط اقلیتی برادری پر حملوں میں بھی ملوث تھا اور اس کی ہلاکت سیکورٹی ایجنسیز کے لیے ایک بڑی کامیابی ہے۔
قبل ازیں پیر کی شام سیکورٹی فورسز کو کولگام ضلع کے ریڈونی علاقے میں عسکریت پسندوں کے چھپے ہونے کی اطلاع موصول ہوئی تھی جس کے بعد سکیورٹی فورسز نے علاقہ کو فوری طور پر محاصرہ میں لے لیا۔ محاصرہ کے بعد سکیورٹی فورسز نے گھر گھر تلاشی کارروائی شروع کی جس دوران چھپے عسکریت پسندوں نے سکیورٹی فورسز کی سرچنگ پارٹی پر فائرنگ کی۔ سکیورٹی فورسز نے بھی جوابی کارروائی کی اور اس طرح دونوں اطراف میں فائرنگ کا سلسلہ شروع ہوا، اور اس طرح گولیوں کا تبادلہ انکاؤنٹر کی شکل اختیار کر گیا۔ وی کے بردی نے بتایا کہ انکاؤنٹر سائٹ کے آس پاس ابھی بھی آپریشن جاری ہے اور علاقے کو سینیٹائز کیا جا رہا ہے۔