جموں:جموں و کشمیر کے اکھنور میں گذشتہ روز ہوئے انکاؤنٹر کے بعد آج دوسرے دن بھی سرچ آپریشن جاری ہے۔ فوج، نیم فوجی دستوں اور پولیس کے مشترکہ آپریشن میں پورے علاقے کو محاصرے میں لے کر عسکریت پسندوں کو تلاش کیا جا رہا ہے۔
ایک عسکریت پسند ہلاک
گذشتہ روز آسن کے قریب سندر بنی سیکٹر میں عسکریت پسندوں نے ایک فوجی قافلے پر حملہ کر دیا تھا۔ سکیورٹی ذرائع کے مطابق فوج کی ایمبولینس پر ہوئی فائرنگ میں کوئی نقصان نہیں ہوا۔ فائرنگ کے بعد عسکریت پسند جنگلات میں فرار ہو گئے۔ واقعے کے فوراً بعد سکیورٹی فورسز نے پورے علاقے کا محاصرہ کر کے بڑے پیمانے پر تلاشی مہم شروع کی۔ سرچ آپریشن کے دوران شروع ہوئے انکاؤنٹر میں ایک دہشت گرد کو ہلاک کر دیا گیا۔ فوج کے مطابق اس حملے میں تقریباً تین عسکریت پسند شامل تھے، جن میں سے دو اب بھی چھپے ہوئے ہیں۔ چھپے ہوئے عسکریت پسندوں کی تلاش کے لیے آج دوسرے دن بھی آپریشن جاری ہے۔