سرینگر:وزیر اعظم نریندر مودی کے دورے جموں سے قبل کشمیر میںسکیورٹی افسران نے آج حفاظتی صورتحال کا جائزہ لیا ۔اس دوران آئی جی کشمیر نے افسران کو ہدایت دی کہ وہ اپنے علاقوں میں سکیورٹی کی تعیناتی و چوکسی میں اضافہ کرے۔
کشمیر پولیس زون کے انسپکٹر جنرل ودھی کمار بردھی کی صدارت میں سکیورٹی کا جائزہ سرینگر کے پولیس کنٹرول روم میں لیا گیا۔ اس اجلاس میں انسپکٹر جنرل باڈر سکیورٹی فورس، آئی جی سی آر پی ایف، ڈپٹی ڈائریکٹر انٹیلیجنس بیریو، ڈپٹی انسپکٹرز سنٹرل کشمیر، ایس ایس بی، بی ایس ایف، آرمڈ، آئی آر پی، سی آر پی ایف، آئی ٹی بی پی، ایس ایس پی پولیس کنٹرول روم، سی آئی ڈی، سی آئی کے، ٹریفک، فوج کے افسران اور شمالی و جنوبی کشمیر رینج کے ڈی آئی جی اور دیگر اضلاع کے ایس ایس پیز موجود تھے۔
غور طلب ہے کہ 20 فروری کو وزیر اعظم نریندر مودی جموں کے یک روزہ دورے پر آرہے ہیں جس دوران وہ بانیہال سے سنگلدان ریل لنک کے علاوہ دیگر تعمیراتی پروجیکٹز کا افتتاح کریں گے۔ یہ مودی کا پارلیمانی انتخابات کے سلسلے میں بھی دورہ ہوگا۔ اس دورے کے پیش نظر جموں کشمیر میں سکیورٹی فورسز کی تعیناتی اور نگرانی بڑھائی گئی ہے۔ سرینگر اور جموں اضلاع میں بالخصوص سکیورٹی میں اضافہ کیا گیا ہے۔
سرینگر کے سکیورٹی اجلاس میں آئی جی پی نے افسران کو ہدایت دی اقلیتی آبادی کی حفاظت کو یقینی بنائے اور حساس مقامات بالخصوص سرینگر کے شہر خاص کی بستیوں میں سکیورٹی کا پہرہ بڑھائے۔