سرینگر:جموں و کشمیر بورڈ آف اسکول ایجوکیشن نے جمعرات کی سہ پہر بارہویں جماعت کے سالانہ امتحان کے نتائج کا اعلان کیا، جس میں 74 فیصد امیدواروں نے کامیابی حاصل کی ہے۔ بورڈ آف اسکول ایجوکیشن کے اعداد شمار کے مطابق اس امتحان میں مجموعی طور پر72180 امیداوار شامل ہوئے تھے جن میں 54700 امیداوار کامیاب قرار دیئے گئے ۔اس سالانہ امتحان میں پاس ہونے والی لڑکیوں کی مجموعی تعداد 77 فیصد رہی، جبکہ لڑکوں کی تعداد 72 فیصد ہے۔
جمعرات کی صبح ہی سوشل میڈیا پر بارہویں جماعت کے امتحانی نتائج ظاہر ہونے کی خبریں گرشت کر رہی تھی، جس کے نتیجے میں وادی کے اطراف و اکناف میں امیداوار اپنے اپنے نتائج دیکھنے کی خاطر بورڈ کی ویب سائٹ پر اپنی نظریں لگائے بیٹھے تھے۔ ایسے میں اب نتائج ظاہر ہونے کے ساتھ ہی کہیں خوشی اور کہیں غم کا ماحول دیکھنے کو مل رہا ہے۔