انقرہ: ترکیہ کے صدر رجب طیب ایردوان نے کہا کہ" ہم اپنے فلسطینی بھائیوں کو کبھی بھی لاوارث، بے یار و مددگار اور تنہا نہیں چھوڑیں گے"۔ صدر ایردوان نے دورہ متحدہ عرب امارات کے دوران دبئی میں منعقدہ 'عالمی حکومتوں کے سربراہی اجلاس' میں شرکت کی اور اجلاس سے خطاب کیا ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ "اسرائیل اپنے آپ کو قانون سے بالا خیال کرتا ہے یہی وجہ ہے کہ بیسیوں سالوں سے قبضے، تباہی اور قتل عام کی پالیسیوں پر عمل پیرا ہے"۔
صدر ایردوان نے کہا ہے کہ ہمارے علاقے کے امن وامان اور رفاح و اقتصادی ترقی کا راستہ فلسطینی حکومت کے قیام سے گزرتا ہے۔ اگر اسرائیل پائیدار امن کا خواہش مند ہے تو اسے وسعت پسندی سے باز آنا ہوگا اور 1967 کی سرحدوں میں آزاد فلسطینی حکومت کو تسلیم کرنا ہو گا"۔ انہوں نے کہا ہے کہ "1967 کی سرحدوں میں، مشرقی القدس کے دارالحکومت والی ، خود مختار اور جغرافیائی سالمیت کی حامل فلسطینی حکومت کے قیام کے بغیر جو بھی قدم اٹھایا گیا ادھورا رہے گا۔ ہم اپنے فلسطینی بھائیوں کو ہرگز لاوارث، بے یارومددگار اور تنہا نہیں چھوڑیں گے"۔
صدر ایردوان نے کہا ہے کہ "میں نہایت افسوس سے کہتا ہوں کہ حالیہ دنوں میں، فلسطینی مہاجرین کے لئے اقوام متحدہ ایجنسی، یو این آر ڈبلیو اے کے اعتبار پر شدید حملے کئے جا رہے ہیں۔ میں باضمیر ممالک کو دعوت دیتا ہو ں کہ اردن، شام، لبنان اور فلسطینی زمین پر 6 ملین مہاجرین کے لئے شہ رگ کی حیثیت رکھنے والی ایجنسی یو این آر ڈبلیو اے کے ساتھ تعاون جاری رکھا جائے"۔