گریز (اعجاز نازکی): جموں و کشمیر کے ضلع بانڈی پورہ کا گریز خطہ شدید برف باری کی وجہ سے پوری دنیا سے منقطع ہو گیا ہے۔ اس اس موسمی تنہائی کے بیچ وادی تلیل کے مکینوں نے ایک بار پھر سنو کرکٹ ٹورنامنٹ کا آغاز کیا ہے۔
تلیل کے لوگوں کے لیے یہ ٹورنامنٹ ایک سالانہ روایت بن گیا ہے، جو سردیوں کے طویل موسم کے دوران زندگی میں حرکت اور جسم میں حرارت پیدا کرنے کا ایک ذریعہ ہے۔
ٹورنامنٹ میں حصے لینے والے ایک مقامی نوجوان طارق حسین نے بتایا کہ "ہم ہر سال اس ٹورنامنٹ کو متحرک رہنے اور برف سے ڈھکے ہوئے میدانوں سے فائدہ اٹھانے کے لیے منعقد کرتے ہیں۔" انہوں نے بتایا کہ "یہ کرکٹ دنیا کو بتانے کا ہمارا ایک طریقہ بھی ہے کہ گریز موسم سرما کے کھیلوں کے مقابلوں کی میزبانی کر سکتا ہے۔"
ایک اور کھلاڑی ارشاد احمد نے کہا کہ "جب کہ دیگر مقامات اسکیئنگ اور دیگر ایونٹس کی میزبانی کر رہے ہیں، ہم ابھی تک حکام کے اس علاقے کی صلاحیت کو پہچاننے کا انتظار کر رہے ہیں۔ اگر اس طرح کے ایونٹس کو فروغ دیا گیا تو یہ ہمارے لیے ترقی اور مواقع لائے گا۔
وادی تلیل باقی علاقوں سے منقطع ہے۔ یہاں کے رہائشیوں کا کہنا ہے کہ اس خطے کو ترقی کی ضرورت ہے۔ ایک مقامی نوجوان جاوید احمد نے کہا، "ہم سال بھر رابطے کو یقینی بنانے کے لیے ایک سرنگ کا مطالبہ کرتے رہے ہیں، لیکن اس سمت میں کوئی پیش رفت نہیں ہوئی۔" سڑک کی بندش ہماری زندگیوں اور ہمارے لیے دستیاب مواقع کو متاثر کرتی ہے۔"
یہ بھی پڑھیں: بارہمولہ میں بھاری برفباری کے بیچ نوجوانوں نے کھیلا کرکٹ
یہ ٹورنامنٹ مقامی لوگوں کو میدانوں کی طرف کھینچتا ہے، جس سے انہیں موسم سرما کی تنہائی سے ایک وقفہ ملتا ہے۔ ایک اور مقامی بلال خان نے کہا کہ "یہ کھیل ہمیں مصروف رکھتے ہیں اور تنہائی کے چیلنجز سے نمٹنے میں ہماری مدد کرتے ہیں۔"
دریں اثنا، فوج نے علاقے میں سنو سکینگ کے تربیتی پروگرام بھی شروع کیے ہیں، جس کا مقامی لوگوں نے خیر مقدم کیا ہے۔ رہائشیوں نے گریز میں سرمائی کھیلوں کو فروغ دینے کی سمت میں ایک قدم کے طور پر اس کوشش کو سراہا لیکن اس بات پر زور دیا کہ مزید بہت کچھ کرنے کی ضرورت ہے۔
مزید پڑھیں: بچوں نے منجمد تالاب کو بنا دیا کرکٹ گراؤنڈ، چلہ کلاں کے درجہ حرارت میں کھیل رہے ہیں کرکٹ
ایک مقامی جاوید بھٹ نے کہا کہ "ٹریننگ ایک اچھی شروعات ہے، لیکن حکومت کو موسم سرما کی سرگرمیوں کے لیے کھیلوں کے مناسب ڈھانچے کی تعمیر پر توجہ دینے کی ضرورت ہے۔" "مناسب سہولیات کے بغیر، ان اقدامات کا کمیونٹی یا علاقے کی سرمائی سیاحت کے امکانات پر دیرپا اثر نہیں پڑے گا۔"
دریں اثنا، فورزان سنو فیلڈ سے ایک وائرل ویڈیو میں بزرگ باشندوں کو روایتی لوک گیت گاتے ہوئے دکھایا گیا ہے۔ لوگ گروہوں میں جمع ہو کر وہ لوگ گیت گا رہے ہیں جو نسل در نسل منتقل ہو رہے ہیں۔ ایک مقامی رہائشی بشیر احمد نے کہا کہ "یہ گانے ہمیں سردیوں میں اپنے ورثے سے جڑے رہنے میں مدد دیتے ہیں۔"