ممبئی:نرگس کا شمار ہندی فلم انڈسٹری کی تجربہ کار اداکاراؤں میں کیا جاتا ہے اداکارہ ہونے کے علاوہ وہ سیاست دان بھی تھیں انہوں نے 6 سال کی کم عمری میں فلمی دنیا میں قدم رکھا تین دہائیوں پر محیط کیریئر میں، انہوں نے ماضی کے کئی سپر اسٹارز کے ساتھ کام کی ہندی فلم انڈسٹری کی تجربہ کار اداکارہ نرگس کو پہلی بار 1935 کی فلم تلاش حق میں دیکھا گیا تھا جب وہ صرف 6 سال کی تھیں، لیکن ان کی باقاعدہ اداکاری کے کیریئر کا آغاز 1942 کی فلم تمنا سے ہوا۔نرگس نے تقریبا چار دہائی تک اپنی متاثر کن اداکاری سے ناظرین کومسحور کیا۔ بچپن میں وہ اداکارہ نہیں بلکہ ڈاکٹر بننا چاہتی تھیں۔
نرگس دت بالی ووڈ کا ایک جانا پہچانا نام ہے۔ انہوں نےبالی ووڈ انڈسٹری کو کئی بہترین فلمیں دیں۔ ان کا نام آتے ہی فلم مدر انڈیا سے محبوب خان کی تصویر ذہن میں آجاتی ہے۔ صرف 28 سال کی عمر میں انہوں نے سنیل دت اور راجندر کمار کی ماں کا کردار ادا کر کے سب کو حیران کر دیا۔ ہر کوئی ان کی اداکاری کی تعریف کرتا ہے۔ ان کا شمار ہندی سنیما کی عظیم اداکاراؤں میں کیا جاتا ہے۔
کنیز فاطمہ راشد عرف نرگس کی پیدائش یکم جون 1929 کو کلکتہ شہر میں ہوئی ۔ ان کی ماں جدن بائی کے اداکارہ اور فلم ساز ہونے کی وجہ سے گھر میں فلمی ماحول تھا۔ اس کے باوجود بچپن میں نرگس کی اداکاری میں کوئی دلچسپی نہیں تھی۔ان کی تمنا ڈاکٹر بننے کی تھی جبکہ ان کی ماں چاہتی تھیں کہ وہ اداکارہ بنیں۔
ایک دن نرگس کی ماں نے ان سے اسکرین ٹیسٹ کے لئے فلم ساز اور ڈائریکٹر محبوب خان کے پاس جانے کو کہا۔ چونکہ نرگس فلموں میں جانے کی خواہش مند نہیں تھیں اس لئے انہوں نے سوچا کہ اگر وہ اسکرین ٹیسٹ میں فیل ہو جاتی ہیں تو انہیں اداکاری نہیں کرنی پڑے گی۔
ا سکرین ٹیسٹ کے دوران نرگس نے غیرارادی طور پر ڈائیلاگ کی ادائیگی کی اور سوچا کہ محبوب خان انہیں اسکرین ٹیسٹ میں فیل کر دیں گے لیکن ان کا یہ خیال غلط نکلا اور محبوب خان نے 1943 میں اپنی فلم ’تقدیر‘کے لئے بطور اداکار انہیں منتخب کرلیا ۔
اس کے بعد 1945 میں نرگس کو محبوب خان کی فلم ’ہمایوں‘ میں کام کرنے کا موقع ملا۔ 1949 میں ان کی برسات اور انداز جیسی کامیاب فلمیں منظرعام پرآئیں۔ فلم انداز میں ان کے ساتھ دلیپ کمار اور راج کپور جیسے نامور اداکار تھے اس کے باوجود بھی نرگس شائقین کو اپنی طرف متوجہ کرنے میں کامیاب رہیں۔