رفح، غزہ کی پٹی: اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ اس نے پیر کی صبح غزہ کی پٹی میں قید سے دو مغویوں کو بازیاب کرا لیا ہے۔ صیہونی فوج نے ان افراد کی شناخت 60 سالہ فرنینڈو سائمن مارمن اور 70 سالہ لوئس ہار کے طور پر کی ہے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ دونوں افراد کو حماس کے عسکریت پسندوں نے 7 اکتوبر کو سرحد پار سے ہونے والے حملے میں اغوا کیا تھا جس سے اسرائیل اور حماس کی چار مہینوں سے جاری جنگ شروع ہوئی تھی۔
مغویوں کا ریسکیو جنوبی سرحدی شہر رفح میں کیا گیا۔ فلسطینی حکام کے مطابق، ان دونوں افراد کو جنوبی سرحدی قصبے رفح میں ایک رہائشی عمارت سے ایک چھاپے میں ریسکیو کیا گیا جس میں کم از کم سات افراد بھی مارے گئے ہیں۔ عینی شاہدین نے کم از کم 17 فضائی حملوں کی اطلاع دی۔
فوج کا کہنا ہے کہ دونوں افراد کی طبی حالت بہتر ہے۔ یہ دو مغویوں کا تعلق ان 136 یرغمالیوں میں سے ہے جو اس وقت حماس کی قید میں ہیں۔
لیفٹیننٹ کرنل رچرڈ ہیچٹ نے کہا کہ یہ کارروائی انٹیلی جنس رپورٹ پر مبنی تھی اور عمارت کی دوسری منزل پر واقع اس جگہ کا اچھے سے معائنہ کیا گیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم بنجمن نتن یاہو نے اسرائیل کے فوجی سربراہ اور دیگر اعلیٰ حکام کے ساتھ اس چھاپہ ماری سے متعلق بات چیت کی ہے۔