غزہ: شمالی غزہ میں اسرائیل کے خونزیز فضائی اور زمینی حملے جاری ہیں۔ ان حملوں میں کم ازکم 96 افراد جاں بحق جبکہ درجنوں زخمی ہوئے ہیں۔ شمالی غزہ میں اسرائیلی حملوں میں مزید 37 فلسطینی مارے گئے ہیں۔ پناہ گزین الشاطئی کیمپ پر بھی اسرائیل نے بمباری کی ہے جس میں متعدد فلسطینی جاں بحق ہو گئے۔
شمال میں الشاطئی پناہ گزین کیمپ میں اقوام متحدہ کے زیر انتظام ابو عسی اسکول پر اسرائیلی فوج نے حملہ کر دیا۔ اس حملے میں کم از کم 10 فلسطینی ہلاک اور 20 زخمی ہوئے۔ ان میں کئی خواتین اور بچے بھی شامل تھے۔ یہ اسکول ہزاروں بے گھر فلسطینیوں کے لیے پناہ گاہ کے طور پر کام کر رہا تھا۔ اس اسکول میں سے زیادہ تر بیت لاہیا، بیت حنون اور جبالیہ کے علاقوں سے نقل مکانی کر کے آئے فلسطینی پناہ لیے ہوئے تھے۔
اسرائیلی فورسز نے بیت لاہیہ پر بھی حملے جاری رکھے ہیں۔ غزہ کے جنوب میں شہر کے مشرقی محلوں میں اسرائیلی بمباری کے نتیجے میں پانچ فلسطینی جاں بحق ہو گئے۔
وسطی غزہ کی پٹی میں بوریج پناہ گزین کیمپ کے ایک گھر پر اسرائیلی حملے میں ایک بچے سمیت کم از کم پانچ فلسطینی ہلاک ہو گئے۔ اس حملے میں متعدد افراد زخمی بھی ہوئے ہیں۔
واضح رہے غزہ میں 7 اکتوبر 2023 سے اب تک اسرائیلی حملوں میں کم از کم 43,799 فلسطینی جاں بحق اور 103,601 زخمی ہو چکے ہیں۔