پورٹ مورسبی: پاپوا نیوگنی کے بالائی علاقوں میں قبائل کے درمیان جاری لڑائی میں کم از کم 64 افراد کی موت ہوگئی ہے۔ مقامی میڈیا نے پیر کو یہ اطلاع دی۔ مقامی اخبار پوسٹ کورئیر کے مطابق، اینکاصوبے کے واپین مانڈا میں پولیس نے تصدیق کی ہے کہ اتوار کی صبح لڑائی شروع ہونے کے بعد سے علاقے میں سڑک کے کنارے، گھاس کے میدانوں اور پہاڑیوں سے 64 لاشیں برآمد ہوئی ہیں۔
اخبار کی خبر کے مطابق سیکورٹی اہلکاروں نے بتایا کہ کچھ لاشیں ابھی بھی جھاڑیوں میں ہیں۔ اس سے قبل آسٹریلیا کے اے بی سی نیوز چینل نے اپنی رپورٹ میں بتایا تھا کہ قبائلی لڑائی میں کم از کم 53 افراد ہلاک ہو چکے ہیں اور جھاڑیوں میں مزید افراد کی ہلاکت کا خدشہ ہے۔ رائل پاپوا نیو گنی کانسٹیبلری کے قائم مقام سپرنٹنڈنٹ جارج کاکاس کا حوالہ دیتے ہوئے کہا گیا ’’یہ سب سے بڑا واقعہ(قتل) ہے جو میں نے اینگا میں دیکھا ہے، شاید پورے پہاڑی علاقوں میں، یہاں تک کہ پاپوا نیو گنی میں بھی۔‘‘