ماسکو: روس کا ایک فوجی ٹرانسپورٹ طیارہ جس میں 65 یوکرینی جنگی قیدی، چھ عملہ اور ان کے ساتھ تین افراد سوار تھے، بدھ کی صبح یوکرین کے قریب روس کے بلغراد علاقے میں گر کر تباہ ہوگیا۔ جس کے نتیجے میں تمام افراد ہلاک ہوگئے۔ روس کی وزارت دفاع نے اس کی اطلاع دی۔ ابھی تک فوری طور پر یہ واضح نہیں ہوسکا کہ حادثے کی وجہ کیا رہی ہے۔
وزارت دفاع نے کہا کہ حکام حادثے کی وجہ کی تحقیقات کر رہے ہیں، اور ایک خصوصی فوجی کمیشن جائے حادثہ پر جا رہا ہے۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق طیارے میں 65 یوکرینی فوجی قیدی سوار تھے جنہیں تبادلے کے لیے بلغراد کے علاقے میں لے جایا جا رہا تھا۔ یوکرین کے جنرل اسٹاف نے کہا کہ طیارہ روس کےایس - 300 فضائی دفاعی نظام کے لیے میزائل لے جا رہا تھا۔ اس میں جنگی قیدیوں کا کوئی ذکر نہیں تھا۔