نیویارک: آسٹریلوی نژاد امریکی صنعت کار اور میڈیا انڈسٹری کے تجربہ کار شخص روپرٹ مرڈوک نے 92 سال کی عمر میں پانچویں شادی کرلی ہے۔ ان کی کمپنی نیوز کارپ نے اتوار کو اس خبر کی تصدیق کی۔ روپرٹ مرڈوک نے 67 سالہ روسی نژاد امریکی دوست ایلینا زوکووا سے ہفتے کے روز کیلیفورنیا کے بیل ایئر میں شادی کی۔
نیوز کارپوریشن کی جانب سے نئے شادی شدہ جوڑے کی تصاویر جاری کی گئیں۔ اس جوڑے نے مارچ میں اپنی منگنی کا اعلان کیا تھا۔ مرڈوک نے اس سے قبل 2016 میں ماڈل اور اداکار جیری ہال سے شادی کی تھی لیکن 2022 میں دونوں کے درمیان جدائی واقع ہوگئی تھی۔
قابل ذکر ہے کہ روپرٹ مرڈوک کی نئی نویلی بیوی ایلینا زوکووا توانائی کے ارب پتی سرمایہ کار اور روسی سیاست دان الیگزینڈر زوکوف کی سابقہ بیوی ہیں۔ ان کی بیٹی دشا کی شادی اس سے قبل روسی ارب پتی رومن ابرامووچ سے ہوئی تھی، جو پریمیر لیگ سوکر کلب چیلسی کے مالک تھے۔