واشنگٹن: برطانوی نشریاتی ادارے کے مطابق جن یونیورسٹیوں میں احتجاج کیا جارہا ہے ان میں کولمبیا یونیورسٹی، یونیورسٹی آف سدرن کیلیفورنیا، آسٹن میں یونیورسٹی آف ٹیکساس، جارج واشنگٹن یونیورسٹی، ہارورڈ یونیورسٹی، کیلیفورنیا اسٹیٹ پولی ٹیکنک یونیورسٹی شامل ہیں۔
اس کے علاوہ ایمرسن کالج، نیویارک یونیورسٹی، ایموری یونیورسٹی، نارتھ ویسٹرن یونیورسٹی، ییل یونیورسٹی، فیشن انسٹی ٹیوٹ آف ٹیکنالوجی، سٹی کالج آف نیویارک، انڈیانا یونیورسٹی بلومنگٹن، مشی گن اسٹیٹ یونیورسٹی ایسٹ لانسنگ کیمپس میں بھی مظاہرے کیے گئے۔
بوسٹن پولیس نے بتایا کہ ایمرسن کالج میں تقریباً 108 مظاہرین کو گرفتا کیا گیا۔ اس سے قبل لاس اینجلس میں یونیورسٹی آف سدرن کیلیفورنیا میں 93 مظاہرین کو حراست میں لیا گیا تھا۔
آسٹن میں یونیورسٹی آف ٹیکساس کے کیمپس میں افراتفری کے مناظر دیکھنے میں آئے، سینکڑوں پولیس اہلکار گھوڑوں پر سوار ہوکر، لاٹھیاں تھامے مظاہرین کو منتشر کر رہے تھے۔ مظاہرین کو کیمپس میں مارچ کرنے سے روکنے کے لیے نیشنل گارڈ کو تعینات کیے گئے، حکام نے بتایا کہ اس دوران 34 افراد کو گرفتار کیا گیا۔
امریکہ بھر کی یونیورسٹیوں میں طلبہ کی بڑھتی ہوئی تعداد غزہ میں اسرائیلی مظالم کے خلاف احتجاج کے لیے اپنی کلاسز کا بائیکاٹ کررہے ہیں اور کیمپ لگا کر احتجاج ریکارڈ کروا رہے ہیں۔