نیویارک: وزیراعظم نریندر مودی نے یوکرین کے صدر ولادیمیر زیلنسکی کے ساتھ دو طرفہ ملاقات کی۔ اس دوران دونوں رہنماؤں نے یوکرین کے تنازع پر بات چیت کی۔ بات چیت کے دوران بنیادی طور پر جنگ بندی، امن و استحکام کی بحالی کی ضرورت پر زور دیا گیا۔ خارجہ سکریٹری وکرم مصری نے یہ اطلاع دی۔
بات چیت کے دوران زیلنسکی نے جنگ بندی کے لیے ہندوستان کی کوششوں کی تعریف کی۔ اس کے ساتھ زیلنسکی نے وزیراعظم مودی کے یوکرین کے حالیہ دورے کا بھی ذکر کیا۔ تین ماہ کے عرصے میں دونوں رہنماؤں کے درمیان یہ تیسری ملاقات تھی۔
صدر زیلنسکی نے ان مسائل پر ہندوستان کی کوششوں کی کافی تعریف کی اور کہا کہ وزیراعظم مودی کا دورہ انتہائی قابل ستائش تھا۔ دونوں رہنماؤں نے گزشتہ ماہ وزیراعظم مودی کے یوکرین کے دورے کے دوران ہونے والی بات چیت کو آگے بڑھانے پر اتفاق کیا۔ اس دو طرفہ ملاقات کی درخواست یوکرین کی جانب سے کی گئی تھی۔
بات چیت کے دوران بھارت کی طرف سے روسی تیل خریدنے کا معاملہ زیر بحث نہیں آیا۔ وزیراعظم مودی نے کہا کہ انہوں نے ہمیشہ امن کی تجویز پیش کرتے ہوئے امن کے راستے پر آگے بڑھنے کی بات کی ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ انہوں نے مختلف ممالک کے رہنماؤں سے بات کی ہے اور سب کی رائے ہے کہ کسی نہ کسی طریقے سے جنگ بندی ہونی چاہیے اور اس سلسلے میں کوششیں جاری ہیں۔