ویانا (آسٹریا): بین الاقوامی جوہری توانائی ایجنسی (آئی اے ای اے) نے تصدیق کی ہے کہ ایران کے جوہری تنصیبات کو کوئی نقصان نہیں پہنچا ہے۔ مشرق وسطیٰ میں کشیدگی کے درمیان اسرائیل کی جانب سے تہران کے خلاف تازہ ترین میزائل حملے کیے گئے ہیں، جس کے بعد آئی اے ای اے کا یہ بیان سامنے آیا ہے۔
بین الاقوامی جوہری توانائی ایجنسی نے اپنے افیشیل ایکس ہینڈل سے ایک پوسٹ شیئر کرتے ہوئے جانکاری دی کہ، "آئی اے ای اے اس بات کی تصدیق کر سکتا ہے کہ ایران کی جوہری تنصیبات کو کوئی نقصان نہیں پہنچا ہے۔ رفائل مگروسی ڈی جی ہر ایک سے انتہائی تحمل کا مطالبہ کرتا رہتا ہے اور اس بات کا اعادہ کرتا ہے کہ جوہری تنصیبات کو کبھی بھی فوجی تنازعات میں نشانہ نہیں بنانا چاہیے۔ آئی اے ای اے صورتحال کی بہت قریب سے نگرانی کر رہا ہے،"
امریکی نشریاتی ادارے اے بی سی نیوز نے ایک سینئر امریکی اہلکار کے حوالے سے بتایا کہ اسرائیل نے ایران میں ایک سائٹ پر میزائل حملہ کیا تھا، تاہم مبینہ حملے کے بارے میں اسرائیل اور ایران کی جانب سے کوئی بیان سامنے نہیں آیا۔