لندن: برطانیہ کے نئے وزیراعظم کیئر اسٹارمر نے اپنی نئی کابینہ تشکیل دے دی ہے۔ اس کابینہ میں انجیلا رینر کو نائب وزیر اعظم اور ریچل ریوز کو ملک کی پہلی خاتون چانسلر آف دی ایکسچیکر بنایا گیا ہے۔
اسٹارمر کی 25 کابینی ٹیم میں ریکارڈ 11 خواتین کو شامل کیا گیا ہے۔نئی کابینہ میں یویٹ کوپر کو وزیر داخلہ، ڈیوڈ لیمی کو وزیر خارجہ اور جان ہیلی کو وزیر دفاع مقرر کیا گیا ہے۔
دیگر تقرریوں میں شبانہ محمود کو وزیر انصاف، ویس سٹریٹنگ کو وزیر صحت، بریجٹ فلپسن کو وزیر تعلیم اور ایڈ ملی بینڈ کو وزیر توانائی بنایا گیا ہے۔
جمعہ کو ٹین ڈاؤننگ اسٹریٹ میں بطور وزیر اعظم اپنی پہلی تقریر میں کیئر اسٹارمر نے ملک کے صحت کی دیکھ بھال کے نظام کو دوبارہ پٹری پر لانے، برطانیہ کی سرحدوں کو محفوظ بنانے اور اسکولوں اور کفایتی گھروں کی ضرورت کو پورا کرنے کا عہد کیا۔