اسلام آباد:عام انتخابات میں سادہ اکثریت حاصل کرنے میں کامیاب نہ ہونے کے باوجود مسلم لیگ (ن) کا دعویٰ ہے کہ پارٹی سربراہ نواز شریف اب بھی چوتھی مرتبہ وزارت عظمیٰ کے عہدے کے امیدوار ہیں۔
ڈان نیوز کی رپورٹ کے مطابق پارٹی ذرائع نے بتایا کہ پارٹی قیادت یہ فیصلہ کرنے کے لیے غور و خوض میں مصروف ہے کہ مسلم لیگ (ن) کی جانب سے وزارت عظمیٰ کا امیدوار کون ہوگا تاکہ منظوری کے لیے پیپلز پارٹی کے سامنے تجویز رکھی جاسکے۔
پارٹی ذرائع نے بتایا کہ وزارت عظمیٰ کے امیدوار کے لیے نواز شریف کا نام تاحال مسترد نہیں کیا گیا ہے، مسلم لیگ (ن) کو وفاقی اتحاد کی قیادت کرنی ہے، اس لیے مریم نواز کیمپ کے اندر بہت سے لوگ محسوس کرتے ہیں کہ نواز شریف کو ڈرائیونگ سیٹ پر بیٹھنا چاہیے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ انتخابات سے قبل نواز شریف نے چوتھی بار وزیر اعظم بننے کی خواہش ظاہر کی تھی لیکن 8 فروری کو غیر متوقع نتائج نے انہیں دوبارہ سوچنے پر مجبور کردیا اور ان کے چھوٹے بھائی شہباز شریف کا نام وزارت عظمیٰ کے لیے ’فیورٹ‘ کے طور پر سامنے آیا۔