بیجنگ:چین کے جنوب مغربی پہاڑی صوبے یوننان میں سوموار کی صبح لینڈ سلائیڈنگ کے نتیجے میں 47 افراد دب گئے اور 200 سے زائد افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا ہے۔ یہ تباہی صبح 6 بجے سے قبل صوبہ یوننان کے شمال مشرقی حصے کے گاؤں لیانگشوئی میں پیش آئی۔ زین شیانگ کاؤنٹی کے پبلسٹی ڈیپارٹمنٹ نے بتایا کہ 18 الگ الگ گھروں میں ملبے کے نیچے دبے متاثرین کو تلاش کرنے کے لیے ریسکیو آپریشن چلایا جارہا ہے۔ ہلاکتوں یا زخمیوں کی فوری طور پر کوئی اطلاع نہیں ہے۔ لینڈ سلائیڈنگ کی وجہ فوری طور پر معلوم نہیں ہوسکی ہے۔
لینڈ سلائیڈنگ کے وقت 35 سالہ لوو ڈونگمی سو رہی تھیں لیکن وہ بچ گئیں اور مقامی حکام نے اسے ایک اسکول میں منتقل کر دیا ہے۔ لوو نے کہا کہ، "میں سو رہی تھی، لیکن میرے بھائی نے دروازہ کھٹکھٹایا اور مجھے جگایا۔ انہوں نے کہا کہ لینڈ سلائیڈنگ تھی اور بستر ہل رہا تھا، تو وہ اوپر کی طرف بڑھے اور ہمیں جگایا،"۔
امدادی کارکنوں نے گزشتہ ہفتے سیاحوں کو شمال مغربی چین میں سکینگ کے ایک دور دراز علاقے سے نکالا تھا۔ جہاں بھاری برف باری کے باعث ایک ہفتے تک ایک ہزار سے زائد افراد پھنسے ہوئے تھے۔