خان یونس: غزہ کی وزارت صحت کے مطابق خان یونس میں بدھ کی صبح شروع ہونے والی صیہونی فوج کی کارروائی میں کم از کم 51 فلسطینی جاں بحق اور 82 زخمی ہوئے ہیں۔ یورپی اسپتال کے ریکارڈ سے پتہ چلتا ہے کہ ہلاک ہونے والوں میں سات خواتین اور 12 بچے شامل ہیں جن کی عمریں 22 ماہ تک تھیں۔
مقامی اسپتالوں کے مطابق، غزہ میں الگ الگ حملوں میں دو بچوں سمیت مزید 23 افراد جاں بحق ہوئے ہیں۔ اسرائیلی فوج نے ان حملوں پر فوری طور پر تبصرہ کرنے سے انکار کر دیا ہے۔
مقامی فلسطینیوں نے بتایا کہ اسرائیل نے علاقہ میں شدید فضائی حملے کیے جب کہ اس کی زمینی افواج نے خان یونس کے تین محلوں میں گھس کر حملہ کیا۔
اسرائیلی حملے میں اپنے چار رشتہ داروں کو کھو دینے والے محمود الرازد نے ایسوسی ایٹڈ پریس کو بتایا کہ، "دھماکے اور گولہ باری بہت زیادہ تھی۔ "بہت سے لوگ ملبے کے نیچے دبے ہوئے ہیں، اور کوئی بھی انہیں نکال نہیں سکتا۔"