اردو

urdu

ETV Bharat / international

غزہ میں اسرائیل کے فضائی اور زمینی حملے جاری، 60 سے زائد فلسطینی جاں بحق - ISRAEL HAMAS WAR - ISRAEL HAMAS WAR

شمالی غزہ سے نقل مکانی کرنے کے بعد رفح میں پناہ لینے والے فلسطینیوں کو وہاں سے بھی جبراً نقل مکانی کے لیے مجبور کیا گیا۔ اب رفح سے بے گھر لوگ دیر البلاح میں پناہ لے رہے ہیں۔ لیکن اسرائیل یہاں بھی اپنی جارحیت کو جاری رکھے ہوئے ہے۔ اسرائیلی فوج رہائشی علاقوں کو چُن چُن کر نشانہ بنا رہی ہے۔ دوسری جانب دیرالبلاح کے سب سے بڑے الاقصیٰ اسپتال کو ایندھن کی کمی کے باعث بند کرنے کی نوبت آگئی ہے، جس سے ہزاروں زیر علاج مریضوں کی جان کو خطرہ لاحق ہے۔

غزہ میں اسرائیل کے فضائی اور زمینی حملے جاری، 60 سے زائد فلسطینی جاں بحق
غزہ میں اسرائیل کے فضائی اور زمینی حملے جاری، 60 سے زائد فلسطینی جاں بحق (تصویر: اے پی)

By AP (Associated Press)

Published : May 24, 2024, 7:12 AM IST

غزہ: شمالی اور جنوبی غزہ میں اسرائیلی جارحیت جاری ہے۔ گزشتہ 24 گھنٹوں میں صیہونی فوج کے حملوں میں 60 سے زائد فلسطینی ہلاک ہوئے ہیں۔ اسرائیلی فوج نے غزہ شہر میں ایک اپارٹمنٹ کمپلیکس پر بمباری کی ہے جس کے نتیجے میں کم از کم 10 افراد ہلاک ہوگئے ہیں۔ اپارٹمنٹ پر حملے میں خواتین اور بچے مارے گئے جن کا تعلق العوبی خاندان سے ہے اور یہ شمالی غزہ کے شبیہ علاقے میں واقع ہے۔

غزہ میں اسرائیل کے فضائی اور زمینی حملے جاری، متعدد فلسطینی جاں بحق (تصویر: اے پی)

اسرائیلی افواج نے غزہ پر فضائی حملوں کے علاوہ زمینی کارروائی کرتے ہوئے توپ سے گولے برسائے ۔ ان حملوں میں کم از کم 38 فلسطینی ہلاک ہو گئے۔ مقامی میڈیا کے مطابق اسرائیلی فوج کی رفح شہر میں فلسطینی جنگجوؤں کے ساتھ قریبی لڑائی جاری ہے۔

وسطی غزہ میں ایک امدادی گودام کو اسرائیلی فوج نے نشانہ بنایا گیا ہے۔ غزہ میں اسپتال کے حکام کا کہنا ہے کہ اسرائیلی حملے میں تین خواتین سمیت 15 فلسطینی ہلاک ہو گئے۔ یہاں بے گھر افراد پناہ لیے ہوئے تھے۔

غزہ میں اسرائیل کے فضائی اور زمینی حملے جاری، متعدد فلسطینی جاں بحق (تصویر: اے پی)

یہ حملہ جمعرات کو دیر البلاح قصبے میں غزہ کی سماجی ترقی کی وزارت کے گودام پر ہوا ہے۔ قریبی الاقصیٰ شہداء اسپتال کے حکام نے ہلاکتوں کی تصدیق کی ہے۔ حالانکہ اسرائیلی فوج کی جانب سے اس حملے سے متعلق فوری طور پر کوئی تبصرہ نہیں کیا گیا۔

شمالی اور جنوبی غزہ میں اسرائیلی جارحیت جاری (تصویر: اے پی)

فلسطینی وزارت صحت کے مطابق، غزہ میں اسرائیل کی بمباری اور جارحیت کے نتیجے میں گزشتہ سات ماہ کے دوران غزہ میں 35,800 سے زائد فلسطینی ہلاک ہو چکے ہیں، ان میں خواتین اور بچوں کی تعداد زیادہ ہے۔ وزارت کے مطابق اسرائیلی فوج کی جارحیت میں غزہ میں اب تک 80,011 زخمی ہو چکے ہیں۔

  • ایندھن کی کمی کے باعث مرکزی غزہ کا سب سے بڑا اسپتال بند ہونے کے دہانے پر، ہزاروں مریضوں کی جان خطرے میں:

غزہ کی وزارت صحت کے مطابق مرکزی غزہ کے سب سے بڑے اسپتال کو ایندھن کی کمی کی وجہ سے فوری طور پر بند کرنا پڑ سکتا ہے۔ وزارت صحت کے مطابق رفح میں اسرائیل کے فوجی حملے کے بعد جنریٹروں کے لیے ایندھن کے داخلے کو سختی سے محدود کرنے کے بعد اسپتال میں بجلی کی قلت شروع ہو گئی ہے۔

غزہ میں اسرائیل کے فضائی اور زمینی حملے جاری، (تصویر: اے پی)

وزارت نے جمعرات کی سہ پہر کہا کہ دیر البلاح کے مرکزی قصبے میں الاقصی شہداء اسپتال کو دو گھنٹے کے اندر آپریشن بند کرنا ہو گا۔ بعد میں، رات ڈھلنے کے بعد، ایسوسی ایٹڈ پریس کی فوٹیج میں اسپتال بڑے پیمانے پر بلیک آؤٹ نظر آیا۔

وزارت نے کہا کہ اسپتال اس وقت 600 سے زیادہ مریضوں اور زخمیوں کا علاج کر رہا ہے اور گردے کے ڈائیلاسز کے 650 مریض وہاں علاج پر انحصار کرتے ہیں۔ یہ انتباہ ہے کہ اگر اسپتال بند ہو جاتا ہے تو ان کی جانوں کو خطرہ ہو سکتا ہے۔

شمالی اور جنوبی غزہ میں اسرائیلی جارحیت جاری (تصویر: اے پی)

اقوام متحدہ کے مطابق، الاقصی شہداء اسپتال کے بند ہونے پر دیر البلاح میں کام کرنے والے صرف دو اسپتال رہ جائیں گے، ایسے وقت میں جب یہ قصبہ رفح سے فرار ہونے والے فلسطینیوں کے سیلاب میں ڈوب گیا ہے۔ سات اکتوبر کے بعد سے پورے غزہ میں، 36 اسپتالوں میں سے صرف ایک تہائی اب بھی جزوی طور پر کام کر رہے ہیں۔

وزارت صحت نے بتایا کہ اسپتال کو بدھ کے روز 3,000 لیٹر ایندھن ملا لیکن اسے چلانے کے لیے روزانہ 5,000 لیٹر کی ضرورت ہے۔

امداد کا انتظار کرتے فلسطینی (تصویر: اے پی)

وا ضح رہے 6 مئی کو، اسرائیلی فوجیوں نے مصر میں داخل ہونے والی رفح بارڈر کراسنگ پر قبضہ کر لیا، جو غزہ میں ایندھن کا مرکزی داخلی مقام تھا۔

اقوام متحدہ کو اسپتالوں اور دیگر کاموں کو چلانے کے لیے یومیہ 200,000 لیٹر ایندھن کی ضرورت ہے، لیکن فلسطینی پناہ گزینوں کے لیے اقوام متحدہ کی مرکزی ایجنسی، انروا کے سربراہ فلپ لازارینی نے کہا کہ 6 مئی سے ایندھن کا داخلہ نہ کے برابر ہے۔ انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ کو اتوار کو 70,000 لیٹر ایندھن موصول ہوا اور منگل کو مزید 100,000 لیٹر موصول ہوا ہے۔

غزہ میں اسرائیل کے فضائی اور زمینی حملے جاری (تصویر: اے پی)

رفح کراسنگ اسرائیلی قبضے کے بعد سے بند ہے۔ اسرائیل نے مصر سے کہا ہے کہ وہ امدادی ٹرکوں کے داخلے پر اس کے ساتھ رابطہ کرے۔ مصر نے اسرائیلی قبضے کے مستقل ہونے کے خوف سے انکار کر دیا ہے اور کہا ہے کہ فلسطینیوں کو کراسنگ چلانے کی اجازت ہونی چاہیے۔

ABOUT THE AUTHOR

...view details