اردو

urdu

ETV Bharat / international

غزہ پر حملے میں 12 فلسطینی اور اسرائیل میں چھرا گھونپنے سے 2 اسرائیلی شہری ہلاک - Israeli Attack - ISRAELI ATTACK

غزہ میں اسرائیلی جارحیت جاری ہے۔ تازہ حملے میں بچوں سمیت بارہ افراد جاں بحق ہوئے ہیں۔ دوسری جانب اسرائیل میں ایک فلسطینی کے حملے میں دو اسرائیلی شہری ہلاک ہوئے ہیں۔

غزہ پر حملے میں 12 فلسطینی اور اسرائیل میں چھرا گھونپنے سے 2 اسرائیلی شہری ہلاک
غزہ پر حملے میں 12 فلسطینی اور اسرائیل میں چھرا گھونپنے سے 2 اسرائیلی شہری ہلاک (Photo: AP)

By AP (Associated Press)

Published : Aug 4, 2024, 4:09 PM IST

تل ابیب، اسرائیل: اتوار کی علی الصبح غزہ میں اسرائیلی حملوں میں 12 افراد ہلاک ہو گئے۔ مہلوکین میں وہ چار افراد بھی شامل ہیں جو ایک اسپتال کے احاطے کے اندر بے گھر افراد کے لیے بنائے گئے خیمے میں پناہ لیے ہوئے تھے۔ دوسری جانب تل ابیب کے مضافاتی علاقے میں ایک فلسطینی نے چاقو سے حملہ کرتے ہوئے دو افراد کو ہلاک کر دیا۔

غزہ میں تقریباً 10 ماہ کی جنگ اور گزشتہ ہفتے لبنان میں حزب اللہ کے سینئر کمانڈر فواد شکر اور ایران میں حماس کے سربراہ اسماعیل ہنیہ کی ہلاکت کے بعد کشیدگی بڑھ گئی ہے۔ ان ہلاکتوں سے ایران اور اس کے اتحادیوں کی طرف سے انتقام کی دھمکیاں دی گئی ہیں اور اس سے بھی زیادہ تباہ کن علاقائی جنگ کا خدشہ پیدا ہو گیا ہے۔

اسرائیل کی میگن ڈیوڈ ایڈوم ریسکیو سروس اور قریبی اسپتال کے مطابق، چاقو کے حملے میں 70 سالہ ایک خاتون اور ایک 80 سالہ شخص ہلاک ہو گئے، اور دو دیگر افراد زخمی ہوئے ہیں۔ پولیس کا کہنا ہے کہ یہ حملہ ایک فلسطینی عسکریت پسند نے کیا تھا، جسے ’بے اثر‘ کر دیا گیا تھا اور دیگر مشتبہ افراد کی تلاش جاری ہے۔

لبنان میں ایک حملے میں حزب اللہ کے ایک سینئر کمانڈر اور گذشتہ ہفتے ایران کے دارالحکومت میں ایک حملے میں حماس کے اعلیٰ سیاسی رہنما کی ہلاکت کے بعد اسرائیل انتقامی کارروائیوں کی تیاری کر رہا ہے۔ دونوں کا تعلق غزہ میں جاری جنگ سے تھا۔

غزہ کی وزارت صحت کے مطابق غزہ میں، اتوار کے روز قبل ازیں اسرائیلی حملے نے الاقصیٰ شہداء اسپتال کے صحن میں بے گھر فلسطینیوں کے ایک خیمہ کیمپ کو نشانہ بنایا، جس میں ایک خاتون سمیت چار افراد ہلاک اور دیگر زخمی ہوئے ہیں۔

دیر البلاح کا اسپتال وسطی غزہ میں کام کرنے والا اہم طبی مرکز ہے اور جنگ زدہ علاقے میں ہزاروں افراد نے اپنے گھر بار چھوڑ کر وہاں پناہ لی ہے۔

وزارت صحت کے مطابق، ایک علیحدہ حملے نے شمالی غزہ میں ایک مکان کو تباہ کر دیا، جس میں کم از کم آٹھ افراد ہلاک ہو گئے، جن میں تین بچے اور بزرگ شامل ہیں۔

غزہ کی وزارت صحت کے مطابق، ہفتے کے روز غزہ شہر میں ایک اسکول جو کہ پناہ گاہ میں تبدیل ہو چکا تھا اس پر اسرائیلی حملے میں کم از کم 16 افراد ہلاک اور دیگر 21 زخمی ہو گئے۔

علاقے کی وزارت صحت کے مطابق غزہ میں شروع کی گئی اسرائیل کے بڑے پیمانے پر حملے میں کم از کم 39,550 فلسطینی جاں بحق ہوئے ہیں۔ بھاری فضائی حملوں اور زمینی کارروائیوں نے بڑے پیمانے پر تباہی مچائی ہے اور غزہ کے 2.3 ملین لوگوں کی اکثریت کو بے گھر کر دیا ہے۔

حزب اللہ نے جنگ کے آغاز کے بعد سے لبنان کی سرحد کے ساتھ اسرائیل کے ساتھ باقاعدگی سے فائرنگ کا تبادلہ کیا ہے، جس میں عسکریت پسند گروپ کا کہنا ہے کہ اس کا مقصد اپنے ساتھی ایران کی حمایت یافتہ اتحادی حماس پر دباؤ کم کرنا ہے۔ حالیہ مہینوں میں مسلسل حملوں اور جوابی حملوں کی شدت میں اضافہ ہوا ہے، جس سے مزید تباہ کن علاقائی جنگ کا خدشہ بڑھ گیا ہے۔

فلسطینی وزارت صحت کے مطابق، غزہ میں جنگ کے آغاز سے اب تک مقبوضہ مغربی کنارے میں اسرائیلی فائرنگ سے 590 سے زائد فلسطینی ہلاک ہو چکے ہیں۔ زیادہ تر اسرائیلی چھاپوں اور پرتشدد مظاہروں کے دوران مارے گئے ہیں۔ اسرائیل نے 1967 کی مشرق وسطیٰ کی جنگ میں مغربی کنارے، غزہ اور مشرقی یروشلم پر قبضہ کر لیا تھا اور فلسطینی یہ تینوں علاقے اپنی مستقبل کی ریاست کے لیے چاہتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں:

ABOUT THE AUTHOR

...view details