رام اللہ، مغربی کنارے:اسرائیلی فوج، فلسطینی صحت کے حکام اور ایک عسکریت پسند گروپ کے مطابق، شمالی مغربی کنارے میں ایک پناہ گزین کیمپ پر جمعہ کو اسرائیلی فوج کے حملے میں کم از کم 14 فلسطینی ہلاک ہو گئے۔
یہ چھاپہ نور شمس شہری کیمپ میں مسلسل تین روز سے جاری ہے۔ یہ کیمپ مقبوضہ مغربی کنارے کے اس علاقے میں ہے جہاں اسرائیلی فوج اکثر کارروائی کرتی رہتی ہے۔
فلسطینی محکمہ صحت کے حکام نے بتایا کہ اسرائیلی فائرنگ سے ایک 16 سالہ لڑکا قائد فتحی نصراللہ بھی ہلاک ہو گیا۔ اسلامی جہاد عسکریت پسند گروپ نے بھی محمد جابر سمیت تین ارکان کی ہلاکت کی تصدیق کی ہے۔ اسلامی جہاد کے مطابق مہلوک ارکان علاقے میں اس کے فوجی کمانڈر تھے۔
اسرائیلی فوج نے کہا کہ اس کی فورسز نے متعدد عسکریت پسندوں کو ہلاک کیا، گرفتاریاں کیں اور وہاں سے دھماکہ خیز مواد برآمد کیا۔ فوج نے بتایا کہ چار اسرائیلی فوجی معمولی طور پر زخمی ہوئے ہیں۔
7 اکتوبر کو حماس کے جنوبی اسرائیل پر حملے کے بعد سے مغربی کنارے میں تشدد بھڑک اٹھا ہے۔ فلسطینی محکمہ صحت کے حکام کا کہنا ہے کہ اسرائیلی فائرنگ سے اب تک 460 سے زائد فلسطینی ہلاک ہو چکے ہیں، جب کہ اسرائیل کی جانب سے غیر مستحکم علاقے کے قصبوں اور شہروں میں مسلسل چھاپے مارے جاتے ہیں۔