یروشلم: حماس نے اسرائیلی فوج کی ایک خاتون یرغمالی کا ویڈیو جاری کیا۔ یرغمالی لری الباغ کی درد بھری آواز نے اسرائیلی عوام کو ہلا کر رکھ دیا ہے۔ اس ویڈیو نے نتن یاہو پر جنگ بندی کا دباؤ بڑھا دیا ہے۔ اسرائیلی عوام سڑکوں پر ہے اور لری الباغ اور دیگر یرغمالیوں کی واپسی کا مطالبہ کر رہی ہے۔
اسرائیل اور حماس ایک بار پھر جنگ بندی کی طرف بڑھ رہے ہیں جو غزہ میں 15 ماہ سے جاری جنگ کو ختم کر سکتا ہے۔
اسرائیل اور حماس دونوں، سبکدوش ہونے والے امریکی صدر جو بائیڈن اور نومنتخب صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے دباؤ میں ہیں۔ کیونکہ ٹرمپ نے دونوں کو 20 جنوری کے افتتاحی تقریب سے پہلے کسی معاہدے تک پہنچنے کا وقت دیا ہے۔
اسرائیلی، مصری اور حماس کے عہدیداروں کے مطابق، مذاکرات کا یہ دور پہلے مرحلے میں رہا کیے جانے والے یرغمالیوں کے ناموں پر الجھا ہوا ہے۔
اسرائیل یرغمالیوں کے زندہ ہونے کی یقین دہانی چاہتا ہے، جب کہ حماس کا کہنا ہے کہ مہینوں کی شدید جنگ کے بعد، یہ یقینی نہیں ہے کہ کون زندہ ہے یا مر گیا ہے۔
جنگ بندی میں رکاوٹیں باقی ہیں:
حکام کے مطابق، پہلا مرحلہ، چھ سے آٹھ ہفتوں تک جاری رہنے کی توقع ہے۔ اس مرحلہ میں جنگ روکنا، فلسطینی قیدیوں کی رہائی اور محصور غزہ کی پٹی کے لیے امداد میں اضافہ بھی شامل ہے۔ آخری مرحلے میں باقی ماندہ یرغمالیوں کی رہائی، جنگ کا خاتمہ، تعمیر نو کے بارے میں بات چیت اور مستقبل میں غزہ پر حکمرانی کس کی ہوگی اس پر تبادلہ خیال شامل ہے۔
امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن نے پیر کے روز سیئول میں کہا کہ "اگر ہم اسے اگلے دو ہفتوں میں مکمل نہیں کر پاتے ہیں، تو مجھے یقین ہے کہ یہ کسی وقت مکمل ہو جائے گا۔ تاہم انھوں نے جنگ بندی معاہدہ جلد مکمل ہو جانے کی امید ظاہر کی۔
کچھ ایسے مسائل ہیں جو معاہدے کو برقرار رکھنے میں رکاوٹ بنے ہوئے ہیں۔
غزہ سے یرغمالیوں کی رہائی:
7 اکتوبر 2023 کے دوران جنوبی اسرائیل پر حماس کے حملے میں 250 کے قریب افراد کو یرغمال بنایا گیا۔ نومبر 2023 میں ہونے والی جنگ بندی کے نتیجے میں 100 سے زیادہ یرغمالیوں کو رہا کر دیا گیا تھا، جب کہ گزشتہ ایک سال کے دوران کچھ کو بچا لیا گیا یا ان کی باقیات برآمد ہوئی تھیں۔
اسرائیل کا کہنا ہے کہ تقریباً 100 یرغمالی غزہ میں ہیں۔ اس کا خیال ہے کہ ان میں سے کم از کم ایک تہائی 7 اکتوبر کے حملے کے دوران مارے گئے تھے یا اسیری کے دوران ہلاک ہو گئے۔
اسرائیلی، مصری اور حماس کے حکام کے مطابق، رہا کیے جانے والے یرغمالیوں کی پہلی کھیپ میں زیادہ تر خواتین، بزرگ اور طبی حالات کے حامل افراد کے شامل ہونے کی توقع ہے۔
پیر کے روز، حماس کے ایک اہلکار نے اے پی کے ساتھ یرغمالیوں کے 34 ناموں کی فہرست شیئر کی، جنھیں رہا کیا جائے گا۔ ایک مصری اہلکار نے تصدیق کی کہ فہرست حالیہ بات چیت کا مرکز رہی۔ لیکن اسرائیلی وزیر اعظم بنجمن نتن یاہو کے دفتر نے کہا کہ، یہ نام اسرائیل کی جانب سے مہینوں پہلے جمع کرائی گئی فہرست میں سے ہیں۔ دفتر نے کہا کہ، ابھی تک، اسرائیل کو حماس کی طرف سے فہرست میں شامل یرغمالیوں کی حیثیت کے بارے میں کوئی تصدیق یا تبصرہ موصول نہیں ہوا ہے۔
حماس کے ایک دوسرے عہدیدار نے پیر کے روز 14 ناموں کی فہرست جاری کی جس میں اس گروپ نے دعویٰ کیا کہ اسرائیل نے حماس کی طرف سے منظوری کے بعد انہیں زیر غور ہٹا دیا ہے اور ان کی جگہ دوسرے نام رکھ دیے گئے ہیں۔ اسرائیل نے تبصرہ کرنے کی درخواست کا جواب نہیں دیا، لیکن اس نے 14 افراد کو مردہ قرار دیا ہے۔
ایک اسرائیلی اہلکار نے کہا کہ موجودہ تعطل کی وجہ حماس کی جانب سے یرغمالیوں کے حالات کے بارے میں معلومات فراہم کرنے سے انکار کرنا ہے، جب کہ ایک اور اہلکار نے کہا کہ قطر میں مذاکرات کے لیے موساد کی خفیہ ایجنسی کے سربراہ کی روانگی روک دی گئی ہے۔