غزہ: غزہ میں خوراک پہنچانے والے امدادی کارکنوں پر اسرائیلی فضائی حملے میں کم از کم سات غیر ملکی امدادی کارکن ہلاک ہو گئے۔ جن میں ایک امریکی-کینیڈا کے دوہری شہری اور آسٹریلیا، پولینڈ اور برطانیہ کے شہری شامل ہیں۔ محصور فلسطینی علاقے میں انسانی ہمدردی کی کوششوں کو نشانہ بنانے کے لیے یہ اسرائیل کی تازہ فوجی کارروائی ہے۔
شیف جوس اینڈریس کے ذریعہ قائم کردہ خیراتی ادارے ورلڈ سینٹرل کچن نے منگل کے اوائل میں کہا تھا کہ وہ فوری طور پر خطے میں امدادی کارروائیوں کو روک رہا ہے، جس سے خوراک کی امداد کے لیے حال ہی میں کھولے گئے سمندری راستے کو دھچکا لگا ہے۔ خوراک لے جانے والے بحری جہاز صرف ایک دن پہلے پہنچنے کے بعد غزہ سے روانہ ہوئے تھے۔
حماس نے اسرائیل پر امداد کی تقسیم کے مقامات کو نشانہ بنانے اور غزہ کے بھوکے لوگوں کی مدد کرنے سے روکنے اور انھیں دہشت میں ڈالنے کا الزام لگایا ہے۔ حماس نے ایک بیان میں کہا کہ، ’’ہم عالمی برادری اور اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ اس گھناؤنے فعل کی مذمت کریں، اور غزہ کی پٹی میں ہمارے لوگوں کے خلاف قبضے کے جرائم اور جارحیت کو ختم کرنے کی طرف قدم بڑھائیں۔‘‘
اقوام متحدہ کے مطابق اکتوبر سے اب تک غزہ میں کم از کم 196 انسانی حقوق کے کارکن مارے جا چکے ہیں۔ اسرائیل پر بڑے پیمانے پر غزہ کے لیے مختص امداد روکنے کا الزام لگایا جاتا رہا ہے جہاں لاکھوں فلسطینی قحط کا شکار ہیں۔