غزہ: حماس نے عرب اور مسلم ممالک اور تنظیموں سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ غزہ کی ایک مسجد میں قرآن مجید کے نسخوں کو نذرآتش کرنے پر اسرائیلی افواج کی مذمت اور غم و غصے کا اظہار کریں۔
ہفتے کے روز اپنے ٹیلی گرام چینل کے ذریعے جاری کردہ ایک بیان میں حماس نے کہا کہ وہ شمالی غزہ کی پٹی میں واقع مسجد بنی صالح کی بے حرمتی اور چھاپے کے دوران قرآن پاک کے نسخوں کو نذر آتش کرنے والے صہیونی فوجیوں کے عمل کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کرتی ہے۔
اپنے بیان میں حماس نے کہا کہ، "قرآن کے نسخوں کو جلانا، مساجد کی بے حرمتی اور ان کو نشانہ بنانا، اور ان کی تباہی صیہونی فوج اور اس کے سپاہیوں کی انتہا پسندانہ نوعیت کو اجاگر کرتی ہے، جو نفرت اور جرائم سے بھرے ہوئے ہیں، اور مسلمانوں سے جڑی ہر چیز کے بارے میں ان کے فاشسٹ رویے کو اجاگر کرتا ہے۔
فلسطینی مزاحمتی تنظیم نے عرب اور اسلامی ممالک اور حکومتوں پر زور دیا کہ، وہ اس فسطائی صہیونی رویے پر اپنے غصے اور مذمت کا اظہار کریں اور فلسطین میں اسلامی اور عیسائی مقدسات کے دفاع کے لیے اقدامات کریں۔
اپنے ٹیلی گرام پیغام میں حماس نے عالمی برادری سے اپیل کی ہے کہ، غزہ کی پٹی میں ہمارے لوگوں کے خلاف نسل کشی بند کی جائے، اور ہمارے لوگوں کی استقامت اور ان کی دلیرانہ مزاحمت کے لیے ہر طرح کی حمایت اور مدد فراہم کی جائے، جو اپنے دفاع کے لیے قتل و غارت گری اور دہشت گرد اسرائیل کا سامنا کر رہے ہیں۔ حماس کا کہنا ہے کہ، ہماری سرزمین اور مقدسات، ان میں سب سے پہلے مسجد اقصیٰ ہے۔