برازیلیا: برازیل کے میناس گیریس ریاست میں لاجنہا شہر کے قریب ایک ہائی وے پر بس اور ٹرک کے درمیان زبردست تصادم ہوا۔ سنیچر کو پیش آئے اس حادثے میں کم از کم 35 افراد ہلاک جب کہ 13 افراد زخمی ہوگئے۔ زخمیوں کو قریبی قصبے تیوفیلو اوٹونی کے ہسپتالوں میں لے جایا گیا۔ بس ساؤ پالو سے روانہ ہوئی تھی۔ واقعہ کے وقت بس میں 45 مسافر سوار تھے۔ بتایا جا رہا ہے کہ یہ حادثہ بس کا ٹائر پھٹنے کی وجہ سے پیش آیا۔
جانکاری کے مطابق بس کا ٹائر پھٹنے کی وجہ سے ڈرائیور کا گاڑی پر سے کنٹرول ختم ہوگیا اور وہ ٹرک سے ٹکرا گئی۔ اسی دوران ایک ایک کار بھی بس سے ٹکرا گئی۔ فائر ڈیپارٹمنٹ کے مطابق کار میں سوار تینوں افراد محفوظ رہے۔ حکام نے تصدیق کی ہے کہ تمام متاثرین کو جائے حادثہ سے نکال لیا گیا ہے۔ حادثے کی اصل وجہ جاننے کے لیے جانچ جاری ہے۔