نوبل انعام یافتہ محمد یونس بنگلہ دیش کی فوج کی حمایت یافتہ عبوری حکومت کی قیادت کریں گے۔ طلبا رہنماؤں نے جن کی احتجاجی مہم کے بعد شیخ حسینہ کو اقتدار سے بے دخل ہونا پڑا، عبوری حکومت کی تشکیل پر بات چیت کے لیے آرمی چیف جنرل وقار الزمان اور صدر محمد شہاب الدین سے کل دیر شام ملاقات کی تھی۔ اس موقع پر نئی عبوری حکومت کے خدوخال پر بات چیت کی گئی۔
بنگلہ دیش میں شیخ حسینہ کی معزولی کے بعد نوبل انعام یافتہ مائیکرو فینانس کے علمبردار محمد یونس کو فوجی کی حمات یافتہ نئی عبوری حکومت کا سربراہ نامزد کردیا گیا۔ بنگلہ دیش کے صدر محمد شہاب الدین نے منگل کو نوبل انعام یافتہ محمد یونس کو عبوری حکومت کا سربراہ مقرر کیا ہے۔ انہوں نے وزیر اعظم شیخ حسینہ کے اچانک استعفیٰ کے ایک دن بعد پارلیمنٹ کو بھی تحلیل کر دیا۔ صدر کے پریس سیکرٹری محمد جوینال عابدین نے کہاکہ عبوری حکومت کے دیگر ارکان کو مختلف سیاسی جماعتوں سے بات چیت کے بعد حتمی شکل دی جائے گی۔ قبل ازیں اینٹی ڈسکریمینیشن اسٹوڈنٹ موومنٹ کے رہنماؤں نے نوبل انعام یافتہ محمد یونس کو عبوری حکومت کا سربراہ مقرر کرنے کا فوج سے مطالبہ کیا تھا۔