ڈھاکہ: بنگلہ دیش کے وزیر خارجہ حسن محمود بدھ کو نئی دہلی پہنچ گئے۔ وزارت خارجہ کے سرکاری ترجمان رندھیر جیسوال نے ایکس پر لکھا کہ "بنگلہ دیش کے وزیر خارجہ حسن محمود کا ہندوستان کے پہلے سرکاری دورے پر پرتپاک استقبال۔" انہوں نے کہا کہ "اس اہم دورے سے ہندوستان-بنگلہ دیش کی مضبوط شراکت داری کو مزید تقویت ملے گی۔"
حسن محمود وزیر خارجہ ایس جے شنکر کی دعوت پر ہندوستان کا دورہ کر رہے ہیں۔ قابل ذکر بات یہ ہے کہ شیخ حسینہ کی تاریخی فتح کے بعد بنگلہ دیش کی نئی حکومت میں حلف اٹھانے کے بعد بنگلہ دیش کے وزیر خارجہ حسن محمود کا یہ پہلا غیر ملکی دورہ ہے۔ شیخ حیسنہ نے مسلسل چوتھی بار وزیر اعظم کے طور پر کامیابی حاصل کی۔ وزارت خارجہ نے کہا کہ "یہ دورہ اس اعلی اہمیت اور ترجیح کی عکاسی کرتا ہے جو دونوں ممالک اپنے دو طرفہ تعلقات کو دیتے ہیں۔"
بنگلہ دیشی وزیر حسن محمود اس دورہ کے دوران مرکزی وزیر خارجہ جے شنکر سے ملاقات کریں گے اور بات چیت کریں گے، جہاں وہ دو طرفہ تعلقات کی وسیع رینج میں پیش رفت کا جائزہ لیں گے اور مستقبل کی مصروفیات کے لیے ایجنڈا تیار کریں گے۔ وزارت خارجہ نے کہا کہ وہ مشترکہ مفاد کے ذیلی علاقائی، علاقائی اور کثیر جہتی امور پر بھی تبادلہ خیال کریں گے۔