تہران: ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای نے آج تقریباً پانچ سال بعد تہران میں نماز جمعہ کاخطبہ دیا اور امامت بھی کی۔ انھوں نے اس موقع پر کہا کہ ایران کا اسرائیل پر حملہ جائز تھا اور ایران اسرائیل کو جواب دینے میں تاخیر نہیں کرے گا اور نہ ہی جلد بازی سے کام لے گا۔
نماز جمعہ میں ہزاروں کی تعداد میں شہریوں نے آیت اللہ خامنہ کی اقتدا میں نماز جمعہ ادا کی۔ اپنے خطاب میں ایرانی سپریم لیڈر مسلم ممالک کے اتحاد پر زور دیا۔ انھوں نے کہا کہ مسلم ممالک کو افغانستان سے یمن، ایران سے غزہ اور لبنان تک دفاعی لائن بنانا ہوگی، ہر ملک کو جارحیت کے خلاف اپنے دفاع کا حق حاصل ہے، مسلمان متحد ہو جائیں تو دشمنوں پر قابو پا سکتے ہیں۔
آیت اللہ علی خامنہ ای نے اسرائیل اور امریکہ کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ ہم سب کا دشمن ایک ہے اور اس کی پالیسی مسلمانوں میں دراڑ ڈالنے کی ہے، ایران کا دشمن فلسطین، لبنان، عراق، مصر، شام اور یمن کا دشمن ہے۔