ٹوکیو:بدھ کی رات مغربی جاپان میں آنے والے شدید زلزلے سے کسی بڑے نقصان یا جانی نقصان کی اطلاع نہیں ہے۔ جاپان کے وزیر اعظم کشیدا فیومیو نے جمعرات کی صبح صحافیوں کو یہ اطلاع دی۔ انہوں نے بتایا کہ زلزلے کے جھٹکے مقامی وقت کے مطابق رات 11:14 بجے کے قریب انان، ایہائم اور سوکومو، کوچی میں محسوس کیے گئے۔ ریکٹر اسکیل پر اس کی شدت 6.6 ناپی گئی۔ جاپان کی موسمیاتی ایجنسی (جے ایم اے) کے مطابق زلزلے کا مرکز بنگو چینل میں 39 کلومیٹر کی گہرائی میں تھا۔ بنگو چینل ایک آبنائے ہے جو کیوشو اور شیکوکو کے جزائر کو الگ کرتا ہے۔
جاپان کے سرکاری نیوز چینل این ایچ کے نے جمعرات کی صبح اطلاع دی ہے کہ زلزلہ کے نتیجے میں ایہائم اور کوچی میں سات افراد معمولی زخمی ہوئے ہیں، اور کچھ علاقوں کو معمولی نقصان پہنچا ہے، جن میں پانی کے ٹوٹے ہوئے پائپ، گرنے والی بجلی کی لائنیں، گرنے والی سٹریٹ لائٹس اور ایک قومی شاہراہ پر لینڈ سلائیڈنگ کا واقعہ ہے۔