ممبئی: بالی ووڈ کے معروف فلمساز سورج برجاتیا آج 59 برس کے ہوگئے۔ 22 فروری 1965 کو ممبئی میں پیدا ہونے والے سورج برجاتیا نے بطور ہدایت کار اپنے کیریئر کا آغاز 1989 میں ریلیز ہونے والی فلم 'میں نے پیار کیا' سے کیا۔محبت کی کہانی پر مبنی اس فلم میں سلمان خان اور بھاگیہ شری کی جوڑی کو ناظرین نے بے حد پسند کیا۔ یہ فلم باکس آفس پر سپرہٹ ثابت ہوئی۔
سال 1994 میں سورج برجاتیا نے اپنے پسندیدہ اداکار سلمان خان کے ساتھ 'ہم آپ کے ہیں کون' بنائی۔ اس فلم میں سلمان کے مقابل مادھوری دکشت تھیں۔ خاندانی پس منظر پر مبنی اس فلم میں سلمان اور مادھوری کی جوڑی کو کافی پسند کیا گیا۔ اس فلم نے کامیابی کے نئے ریکارڈ قائم کیے اور اب تک کی سب سے بڑی ہٹ فلموں میں سے ایک بن گئی۔
سال 1999 میں، سورج برجاتیا نے ایک اور کامیاب فلم ہم ساتھ ساتھ ہیں' کی ہدایت کاری کی۔ اس فلم میں سلمان خان، سیف علی خان، موہنیش بہل، تبو، سونالی بیندرے اور کرشمہ کپور نے مرکزی کردار ادا کیے تھے۔ خاندانی پس منظر پر مبنی یہ ملٹی اسٹارر فلم بھی سپرہٹ ثابت ہوئی۔
سال 2003 میں، سورج برجاتیا نے 'میں پریم کی دیوانی ہوں' کی ہدایت کاری کی۔ یہ فلم ان کے دادا تاراچند بڈجاتیا کے بینر راج شری پروڈکشن کے تحت بنی 'چتچور' کا ریمیک تھا۔'میں پریم کی دیوانی ہوں' میں ریتک روشن، ابھیشیک بچن اور کرینہ کپور نے مرکزی کردار ادا کیے تھے، لیکن یہ فلم باکس آفس پر کامیابی حاصل نہیں کرسکی۔