لکھنؤ: مشہور ڈانسر سپنا چودھری کو بڑی راحت دیتے ہوئے، ہائی کورٹ کی لکھنؤ بنچ نے ان کے پاسپورٹ کی تجدید کے لئے عدم اعتراض سرٹیفکیٹ پر روک لگانے کے ٹرائل کورٹ کے حکم کو منسوخ کر دیا ہے۔ یہ حکم جسٹس شمیم احمد کی سنگل بنچ نے سپنا چودھری کی درخواست پر سنایا۔ اس کے ساتھ ساتھ عدالت نے پاسپورٹ حکام کو پاسپورٹ کی تجدید یا دوبارہ اجراء کی درخواست پر ایک ماہ میں فیصلہ کرنے کا حکم دیا ہے۔
عرضی گزار کی جانب سے کہا گیا کہ آشیانہ تھانے میں درج ایک کیس کی وجہ سے اس نے ایڈیشنل چیف جوڈیشل مجسٹریٹ، لکھنؤ کی عدالت میں پاسپورٹ کی تجدید کی ہدایت سے متعلق درخواست دی تھی۔ تاہم مذکورہ درخواست کو نچلی عدالت نے مسترد کر دیا تھا۔ درخواست گزار کی جانب سے موقف اختیار کیا گیا کہ وہ بیرون ممالک میں بھی پرفارم کرنے جاتی ہیں۔ لیکن پاسپورٹ کی تجدید میں رکاوٹ کی وجہ سے وہ بیرون ممالک کا سفر کرنے میں روکاوٹ پیدا ہو رہی ہے۔