بیجنگ: سال 2023 میں چین جاپان کو پیچھے چھوڑتے ہوئے گاڑیوں میں دنیا کا سب سے بڑا برآمد کنندہ ملک بن گیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق چائنا ایسوسی ایشن آف آٹوموبائل مینوفیکچررز کی جانب سے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق چین کی آٹوموبائل صنعت جو مسلسل 15 سال سے دنیا میں پہلے نمبر پر ہے۔
اس کی پیداوار اور فروخت دونوں نے 2023 میں پہلی بار 30 ملین سے تجاوز کیا، اس وقت چین کی آٹوموبائلز کو 200 سے زیادہ ممالک اور خطوں میں برآمد کیا جا رہا ہے اور اس کی تعداد 4.91 ملین تک جا پہنچی ہے جس میں 1.203 ملین نئی توانائی کی گاڑیاں شامل ہیں جو کل تعداد ایک چوتھائی حصہ بنتا ہے۔جاپانی میڈیا رپورٹس کے مطابق چین جاپان کو پیچھے چھوڑتے ہوئے گاڑیوں میں دنیا کا سب سے بڑا برآمد کنندہ ملک بن گیا ہے۔
رائٹرز اور دیگر غیر ملکی میڈیا کا خیال ہے کہ چین کے لئے گاڑیوں کی تیاری کے بڑے ملک سے آٹوموبائل میں طاقتور ملک کی طرف بڑھنے میں یہ ایک اہم قدم ہے جو انٹرنیشنل آٹوموٹو انڈسٹری میں ایک بڑی تبدیلی کی نشاندہی کرتا ہے۔
اب سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ دنیا چینی کاروں کو کیوں پسند کرتی ہے؟ اس حوالے سے متعلقہ ماہرین نے چائنا میڈیا گروپ کو بتایا کہ حالیہ برسوں میں چینی گاڑیوں کی کارکردگی اور معیار میں مسلسل بہتری اس کی ایک اہم وجہ ہے جسے دنیا بھر کے صارفین کی جانب سے تیزی سے تسلیم کیا گیا ہے۔