بھوپال: مدھیہ پردیش میں کانگریس کے مضبوط و سینیئر رہنما آنے والے لوک سبھا انتخابات لڑیں گے یا نہیں اس قیاس آرائیوں کے درمیان سابق وزیر اعلیٰ ڈگ وجئے سنگھ نے کہا ہے کہ وہ الیکشن لڑنے کے خواہشمند نہیں ہیں۔ کانگریس کے تجربہ کار لیڈر نے کہا کہ وہ لوک سبھا کا الیکشن نہیں لڑیں گے کیونکہ ان کی راجیہ سبھا کی میعاد میں مزید دو سال باقی ہیں۔ دو مرتبہ کے وزیر اعلیٰ کو جون 2020 میں پارلیمنٹ کے ایوان بالا کے لیے رکن پارلیمان کے طور پر منتخب کیا گیا تھا، اس لیے چھ سالہ مدت جون 2026 میں ختم ہو جائے گی۔
کانگریس رہنما نے اتوار کو اپنے آبائی ضلع راج گڑھ میں میڈیا نمائندوں سے بات چیت کے دوران کہا کہ "انتخابات لڑنے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا کیونکہ میں راجیہ سبھا کا ممبر ہوں اور ابھی دو سال سے زیادہ کا وقت ہے۔"
ڈگ وجے سنگھ نے لوک سبھا الیکشن لڑنے کے امکان کو یکسر مسترد کردیا۔ تاہم سیاسی حلقے میں یہ قیاس آرائیاں تھیں کہ کانگریس اس بار راج گڑھ سے انہیں میدان میں اتار سکتی ہے۔ پچھلے ہفتے کے دوران ڈگ وجے سنگھ راج گڑھ، راگھو گڑھ اور کھلچی پور میں پارٹی کارکنوں کے ساتھ اجلاس منعقد کر رہے ہیں۔ یہ سبھی اسمبلی حلقے راج گڑھ لوک سبھا حلقہ میں آتے ہیں۔