حیدرآباد:کویت میں 12 جون کو چھ منزلہ عمارت میں آگ لگنے سے 49 افراد ہلاک ہوگئے جس میں سے 45 بھارتی شہری ہیں۔ اس حادثے میں جان کی بازی ہارنے والوں کے لواحقین کے لیے الگ الگ مالی امداد کا اعلان بھی کیا گیا ہے۔ کیرالہ کے وزیراعلیٰ نے 5 لاکھ تو وزیراعظم نے دو دو لاکھ کا اعلان کیا ہے۔
اس کے علاوہ ملیالم کے ہی دو صنعت کاروں نے بھی مرنے والوں کے اہل خانہ کے لیے مالی امداد کا اعلان کیا ہے، کیرالہ حکومت کی طرف سے جاری کردہ بیان کے مطابق، لولو گروپ کے مالک یوسف علی نے ہر مرنے والے کے خاندان کے لیے 5 لاکھ روپے کی امداد کا اعلان کیا ہے اور دوسرے صنعت کار روی پلوی نے بھی 2 لاکھ روپے دینے کا اعلان کیا ہے۔
یوسف علی کون ہیں؟
یوسف علی کی پیدائش 15 نومبر 1955 کو کیرالہ کے تھریسور علاقے میں ہوئی۔ انہوں نے بزنس ایڈمنسٹریشن میں ڈپلومہ کیا ہوا ہے۔ 18 سال کی عمر میں وہ اپنے چچا کے ریٹیل کاروبار کو سنبھالنے کے لیے ابوظہبی چلے گئے۔ اس وقت وہ متحدہ عرب امارات کے شہری ہیں۔ جہاں انھوں نے امپورٹ ایکسپورٹ کا کاروبار شروع کیا، جس کے بعد وہ تجارتی دنیا میں کامیابی کے منازل طے کرتے چلے گئے۔
امپورٹ ایکسپورٹ کے سلسلے میں انہیں کافی سفر کرنا پڑا اس دوران انہیں سپر مارکیٹ کھولنے کا خیال آیا اور انھوں نے سال 2000 میں لولو گروپ کی بنیاد رکھی۔ ان کا یہ گروپ اس وقت مشرق وسطیٰ، امریکہ اور یورپ کے 22 ممالک میں کاروبار چلا رہا ہے۔ اب ان کا شمار یو اے ای کے امیرترین تاجروں میں ہوتا ہے۔