کُلٹی، آسنسول (مغربی بنگال): کہتے ہیں کہ ہمارے آس پاس بہت سے ایسے واقعات ہوتے رہتے ہیں جن پر ہم غور نہیں کرتے ہیں اور جب ہم توجہ دیتے ہیں تو ریکارڈ بن جاتے ہیں، جی ہاں ایسا ہی ایک واقعہ آسنسول کے قریب کُلٹی کا ہے جہاں ایک ڈیڑھ سال کی بچی کی یادداشت غضب کی ہے۔ انڈیا بک آف ریکارڈز نے بھی بچی کی یادداشت کو تسلیم کیا ہے۔
یہ ڈیڑھ سال کی بچی آسنسول کے نعمت پور کی رہنے والی ہے۔ اس کو 28 ممالک کے قومی پرچموں کا علم ہے۔ یہی نہیں وہ پھولوں اور رنگوں کو بھی پہچان سکتی ہے۔ وہ حروف، نمبر اور یہاں تک کہ مخصوص شخصیات کو بھی پہچان سکتی ہے۔
یہ شیر خوار بچی نعمت پور کے رہنے والے راہل کمار منڈل اور منجو گرائی منڈل کی بیٹی ہے۔ راہول ریاستی حکومت کا ایک ملازم ہے اور اس وقت مغربی بردھوان ضلع انتظامیہ میں تعینات ہے جبکہ منجو بدھن چندر کالج، آسنسول میں ٹیچر ہے۔ منجو دیوی نے اپنی ڈیڑھ سال کی بیٹی کو چھوٹی عمر سے ہی پڑھانا شروع کر دیا تھا۔ اسے پڑھاتے ہوئے منجو نے دیکھا کہ اس کی بیٹی کی یادداشت حیران کر دینے والی ہے۔